جاسوسی کے الزام میں سزا یافتہ ایرانی خاتون ہاسپٹل منتقل

   

لندن۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک برطانوی نژاد ایرانی خاتون جو ایران کی ایک جیل میں قید ہے، کو ایک دماغی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ خاتون کے شوہر رچرڈ ریڈکلف نے بتایا کہ اس کی اہلیہ نازنین ذغازی ریڈ کلف کو امام خمینی ہاسپٹل کے دماغی امراض والے شعبہ میں داخل کروایا گیا ہے جو پاسداران انقلاب کے زیرنگرانی چلایا جاتا ہے۔ ریڈ کلف نے اس موقع پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی بیوی کے ہاسپٹل منتقل کئے جانے کے بعد ان کا بہتر علاج ہوسکے گا۔ 40 سالہ نازنین کو اپریل 2016ء کو ایران میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ اپنی نوجوان بیٹی کے ساتھ سفر کررہی تھیں۔ ان پر جاسوسی کا الزام عائد کرتے ہوئے پانچ سال کی سزائے قید دی گئی تھی جبکہ خود نازنین، ان کے شوہر اور دیگر ارکان خاندان نے جاسوسی کے الزام کی تردید کی تھی۔

افغانستان میں ہتھیاروں کا ذخیرہ برآمد
کابل۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں سیکورٹی فورسز نے طالبان گروپ کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کیا ہے ۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ لوگر کے ضلع خاروار میں طالبان جنگجوؤں کے خلاف چھیڑ ی گئی مہم کے دوران تقریبا 100 بندوق، 83 رائفلیں ،7 پستولیں اور ہزاروں کی تعداد میں دھماکہ خیز مادہ برآمد کیا گیا۔