جاسوسی کے الزام میں سویڈش شہری کو جاریہ ماہ پھانسی

   

تہران ۔ ایران میں اس ماہ کے آخر میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 2016ء سے قید ایرانی نژاد سویڈن کے ایک شہری کو پھانسی دے دی جائے گی۔ ایران کے نیم سرکاری خبررساں ادارے، آئی ایس این اے نے چہارشنبہ کو ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں ایرانی حکام نے کہا ہے کہ تہران 21 مئی تک احمد رضا جلالی کے خلاف سزائے موت پرعملدرآمد کردے گا۔ جلالی ایک محقق اورطبیب ہیں جو قدرتی آفات سے نمٹنے میں مہارت رکھتے ہیں۔انھیں اپریل 2016ء ہ میں ایران کے دورے کے موقع پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اور2017ء میں دو ایرانی ایٹمی سائنسدانوں کے بارے میں اسرائیل کو معلومات فراہم کرنے کے مقدمہ میں قصوروار پائے جانے پر موت کی سزا سنا دی گئی تھی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے دوہری شہریت کے حامل افراد کو بغیر کسی قانونی عمل سے گزارے قید کیے جانے کے تناظر میں جلالی کو قید میں ڈالنے کی سزا کی مذمت کی تھی۔ تاہم، ایران دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسٹاک ہوم میں حکام نے ایک سابق ایرانی پراسیکیوٹر حامد نوری کیمقدمے کی سماعت مکمل کرلی ہے۔ اسے سویڈن کے حکاام نے نومبر 2019 میں گرفتار کیا تھا۔