جالندھر لوک سبھا حلقہ کیلئے کل پولنگ

   

چنڈی گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی، امت شاہ سمیت پارٹی کے اعلیٰ لیڈروں کی کرناٹک اسمبلی انتخابات کی مہم میں مصروف ہونے کی وجہ سے جالندھر لوک سبھا ضمنی انتخاب کی مہم پھیکی رہی اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت پارٹی کے مرکزی قائدین انتخابی مہم سے دور رہے ۔ . جنوری میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کے دوران موت ہوجانے کی وجہ سے یہ سیٹ خالی ہوئی تھی، جس پر 10 مئی کو پولنگ ہوگی ۔ کانگریس نے پارٹی کے آنجہانی لیڈر کی اہلیہ کرم جیت کور چودھری کو جالندھر سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے جالندھر ویسٹ سے کانگریس کے سابق ممبر اسمبلی سشیل رنکو کو پارٹی کا ٹکٹ دیا ہے ۔ ڈاکٹر سکھویندر سکھی شرومنی اکالی دل-بہوجن سماج پارٹی اتحاد کے امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں، جبکہ بی جے پی نے شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) سے پارٹی میں شامل ہونے والے اندر اقبال سنگھ اٹوال کو ٹکٹ دیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی (آپ) ، جس نے گزشتہ سال مارچ میں زبردست اکثریت کے ساتھ ریاست میں اپنی حکومت بنائی تھی۔ پنجاب کی 117 رکنی اسمبلی میں آپ نے 92 نشستیں حاصل کی تھیں ۔
لیکن اسے گزشتہ سال سنگرور لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں غیر متوقع طور پر جھٹکہ لگا تھا۔ بھگونت سنگھ مان کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ان کے پارلیمانی نشست سے استعفیٰ دینے کے بعد ضمنی انتخاب ہوا جس میں اکالی دل (امرتسر) کے سمرن جیت سنگھ مان نے حیرت انگیز جیت درج کی تھی ۔