کریم نگر یکم / مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامعہ اسلامیہ کریم نگر کا پانچواں سالانہ جلسہ دستاربندی و پیغام قرآن کے عنوان سے 4 مارچ بروز ہفتہ بمقام این این گارڈن اشوک نگر بعد نماز مغرب منعقد کیا جارہا ہے ۔ صدر جامعہ اسلامیہ کریم نگر محمد خیرالدین نے دفتر جماعت اسلامی مکرم پورہ پر اردو اخبارات کے نمائندوں سے جلسہ اور مدرسہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس جلسہ کی صدارت مولانا حامد محمد خان امیر حلقہ تلنگانہ کریں گے ۔ جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی ، مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی و جناب شیخ ابوبکر خالد بن شیخ صالح شرکت کریں گے ۔ اس جامعہ میں شعبہ حفظ شعبہ عالمیت کے ساتھ ہی ساتھ عصری تعلیم کا بھی بہترین نظم ہے۔ اس سال جامعہ کے پانچ طلباء نے اوپن اسکول سے دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے ۔ جلسہ میں 16 حفاظ کرام کی دستاربندی و تقسیم اسناد عمل میں آئے گی ۔ طلباء جامعہ اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کریں گے ۔ خواتین کیلئے علحدہ نشستوں کا نظم رہے گا ۔ اس صحافتی اجلاس میں عبدالرقیب لطیفی ، منیر احمد خان فلاحی ، مولانا یاسر احمد خان فلاحی ، سید زبیر احمد ، محمد نعیم الدین احمد کے علاوہ اراکین کمیٹی جامعہ اسلامیہ موجود تھے ۔ اس موقع پر جلسہ کے پوسٹر کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔