نئی دہلی:سینئر بی ایس پی لیڈر و رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب لکھا جس میں انہوں نے مرکزی یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ حکومت کے امتیازی سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کی تاسیس کے 100 سال پورے ہونے پر ملنے والی رقم 100 کروڑ روپے اسے جلد فراہم کرانے کی اپیل کی۔ دانش علی نے کہا کہ ہمارے ملک میں 100 سال پورے کرنے والے ادارے کو 100 کروڑ کی خصوصی گرانٹ دینے کی روایت رہی ہے ۔ اس رقم کا استعمال ادارے کے تعلیمی انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کیا جاتا ہے، مگر جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ایک سو سال کے انتہائی کامیاب اور تاریخی سفر مکمل کرنے کے موقع پر کوئی صد سالہ مالی مدد نہیں ملی۔ یوم اساتذہ کے موقع پر جامعہ ٹیچرس ایسوسی ایشن نے آپ سے یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے اور تعلیمی و تحقیقی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ایک سو کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔