جامع مسجد محبوب نگر میں عازمین حج کی تہنیتی تقریب

   

محبوب نگر ۔ 03 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حج ایک آسان عمل ہے ۔ عازمین کو زیادہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ البتہ مناسک حج سے واقفیت ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی شیخ الحدیث جامع نظامیہ و خطیب جامع مسجد محبوب نگر نے عازمین حج کی تہنیتی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کا اہتمام مجلس انتظامی جامع مسجد نے کیا تھا ۔ نگرانی محمد احمد علی شاہ صدر مجلس انتظامی نے کی ۔ محمد عبدالرافع ذکی قادری سکریٹری نے کارروائی چلائی ۔ مولانا نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ شیطانی وسوسوں سے محفوظ رہیں ۔ دوران حج محبوب نگر ، تلنگانہ اور سارے ملک کی خوشحالی کیلئے دعاؤں کا اہتمام کریں۔ مولانا نے مناسک حج و عمرہ تفیل سے بیان کئے ۔ اس موقع پر عہدیداران مجلس انتظامی مصلیان و دیگر موجود تھے ۔