تساہلی پر سخت کارروائی کا انتباہ، ضلع کلکٹر راہول راج کا خطاب
میدک /30 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوزے ) میدک ٹاون کے بوائز جونئیر کالج پر ریاستی حکومت کی جانب سے ماہ نومبر میں شروع کئے جانے والے پروگرام سماجی اور اقتصادی سروے کیلئے متعین کردہ شمارکنندگان اور دیگر ذمہ داروں کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس ورکشاپ سے کلکٹر ضلع میدک مسٹر راہول راج نے کہا کہ ضلع میں سماجی ، معاشی تعلیمی ، روزگار ، سیاسی اور ذات پات کا جامع گھریلو سروے کیا جائے گا ۔ انہوں نے شمار کنندگان کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ سروے کے عمل میں مکمل شفافیت برتی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سروے کے مندرجات کو راز میں رکھا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ میدک منڈل میں 172 شمارکنندگان 16 سپروائزرس کو اس پروگرام سے واقف کروایا گیا ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ گشتی کے عمل میں تساہلی اور کوتاہی برتی جائے تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔ شمار کنندگان کو چاہئے کہ سروے کے دوران کوئی مکان بھی چھوٹے نہ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ آدھار کارڈس کے مطابق تمام تفصیلات درست طریقہ سے اندراج کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس جامع سروے کے مطابق حکومت کی فلاحی اسکیمات کو متعلقین تک پہونچانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مکانات کی فہرست 3 تا 6 نومبر تک کرلی جائے اور سروے کا آغاز 6 نومبر سے کیا جائے ۔ اس ورکشاپ میں ضلع کلکٹر کے ہمراہ تحصیلدار میدک مسٹر لکشمن بابو ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر مائننگ مسٹر پروین ریڈی کے علاوہ ڈیوٹیز کی انجام دہی کیلئے متعین کردہ شمار کنندگان اور سپروائزر کی بڑی تعداد شریک تھی ۔