ہانگ کانگ۔ 30 ڈسمبر (ایجنسیز) کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کسی شخص کے پاس 1800 سے زیادہ موبائل فونز ہوں؟ جاپان کے معروف ٹیکنالوجی صحافی یاسوہیرو یامانی کی زندگی بالکل اسی غیر معمولی شوق کی عکاس ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ انہوں نے سام سنگ کے تازہ ترین فولڈ ایبل فون Galaxy Z TriFold کو خریدنے کیلئے نہ صرف جاپان چھوڑا بلکہ جنوبی کوریا تک کا سفر بھی کیا۔یاسوہیرو یامانی گزشتہ دو دہائیوں سے موبائل ٹیکنالوجی پر قلم اٹھا رہے ہیں اور ہانگ کانگ میں مقیم ایک آزاد صحافی ہیں۔ وہ خود کو موبائل فونز کا محقق کہتے ہیںاور ان کے ذاتی کلیکشن میں موجود 1800 سے زائد فونز اس دعوے کو سچ ثابت کرتے ہیں۔ ان کے ذخیرے میں 2007 کا نایاب Serenata فون بھی شامل ہے، جو Bang & Olufsen کے اشتراک سے تیار ہوا تھا اور اعلیٰ معیار کے میوزک تجربے کیلئے جانا جاتا تھا۔جیسے ہی Galaxy Z TriFold کا اعلان ہوا، یامانی اس کے تین حصوں میں فولڈ ہونے والے ڈیزائن اور جدید یوزر انٹرفیس سے متاثر ہو گئے۔ ان کے مطابق سام سنگ صرف بڑی اسکرین ہی نہیں دیتا بلکہ اسکرین اسپلیٹ اور ملٹی ٹاسکنگ میں بھی نمایاں برتری رکھتا ہے۔ پہلی بار استعمال پر انہوں نے اسے ایسا آلہ قرار دیا جو اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ—دونوں کے فوائد یکجا کرتا ہے۔
