جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے محاصرہ میں کامیابی،اسرائیلی فوج کا دعویٰ

   

غزہ: اسرائیلی فوج نے منگل کو اطلاع دی ہیکہ اس نے شمالی غزہ میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے گرد اپنا محاصرہ مکمل کر لیا ہے، تاکہ غزہ میں حماس کے خلاف اپنی لڑائی کو مزید تقویت پہنچا سکے۔اسرائیل فوج جو پچھلے کئی ہفتوں سے زمین پر غزہ میں اپنی موجودگی کا بتا رہی ہے اور غزہ کے بعض تباہ شدہ علاقوں میں ٹینکوں پر نقل و حرکت کرنے کے علاوہ ہاسپٹلوں کے محاصرے کر کے اپنے لیے نرم ہدف تلاش کر رہی ہے۔منگل کے روز اس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فضائیہ کے جنگی طیاروں کے ’کور‘ میں پیشرفت کر کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ کا محاصرہ مکمل کر لیا ہے۔واضح رہے اسرائیلی فوجی اس طرح کی جنگ میں اندھا دھند کودنے سے شروع سے ہی احتیاط کر رہے تھے خصوصاً ایسی جگہوں پر جہاں سے انہیں جگہ جگہ مزاحمت کا سامنا کر پڑے۔ اس مقصد کیلئے پہلے صرف ?فضائیہ کے طیاروں کو بمباری کیلئے استعمال کیا اور پھر زمین پر فوج کو لانے کیلئے کئی دن تک موٹیویشن کی گئی ، تب ٹینکوں کی مدد سے فوجیوں کو محفوظ ترین انداز میں غزہ کے اندر داخل کیا گیا۔اس میں بھی زیادہ تر ریگولر فوجیوں کے بجائے ریزرو فوجیوں کو آگے کیا گیا۔ جو موقع پر پہنچ کر کارروائی کے بجائے اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں کو بمباری کی درخواست کرتے ہیں۔