نئی دہلی، 5 دسمبر (یواین آئی) کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کو جدید ہندوستان کے معمار بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی پارلیمانی جمہوریت میں مضبوطی سے جڑی تھی، لیکن حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے والے آج ہر سطح پر پنڈت نہرو کے نظریات کو مسترد کر رہے ہیں اور صرف ان کو بدنام کرنے میں مصروف ہیں۔ جمعہ کو یہاں جواہر بھون میں ’نہرو سنٹر‘کے افتتاح میں حصہ لیتے ہوئے گاندھی نے پنڈت نہرو کے نظریے کو آگے بڑھانے کی اس کوشش کو آج کے بگڑے ہوئے دور میں سچائی، تاریخ اور آئینی اقدار کے تحفظ کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو منصوبہ بند اقتصادی ترقی پر پختہ یقین رکھتے تھے اور سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سائنسی مزاج کے فروغ کیلئے پرعزم تھے ۔ ان کے نزدیک سیکولرازم کا مطلب ہندوستان کے تنوع کا جشن منانا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی میراث ہماری روزمرہ کی زندگیوں کو تشکیل دیتی ہے اور اہل وطن کیلئے روشنی کا مینار بنی ہوئی ہے ۔