جرائم و حادثات

   

رشتہ طئے ہونے کے بعد منگیتر فرار، نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد ۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) رشتہ طئے ہونے کے بعد منگیتر کا کسی اور لڑکے کے ساتھ فرار ہونا ایک نوجوان کی موت کا سبب بن گیا۔ حیات نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 21 سالہ اجئے نے پھانسی لے کر خودکشی کرلیا۔ اجئے کنٹلور علاقہ کے ساکن راجہ نگم کا بیٹا جو پیشہ سے تاجر تھا۔اجئے کی شادی کیلئے رشتے تلاش کئے جارہے تھے۔ جاریہ سال اگسٹ میں ایک رشتہ طئے ہوا تھا اور سنگیتا سے اجئے کی شادی کیلئے دونوں جانب کے افراد خاندان نے رضامندی ظاہر کی تھی اور بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا ۔ اس دوران اجئے نے سنگیتا کو سیل فون دلایا تھا اور دونوں کے درمیان بات چیت جاری تھی۔ افراد خاندان بھی خوش تھے لیکن 20 ستمبر کو سنگیتا کسی کو بتائے بغیر اچانک لاپتہ ہوگئی اور جانچ کے بعد پتہ چلا کہ سنگیتا کسی اور لڑکے کے ساتھ فرار ہوگئی۔ اس بات سے اجئے شدید دلبرداشتہ ہوگیا تھا جس نے کل پھانسی لے کر خودکشی کرلیا۔ حیات نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
جوہری کی رقم کے ساتھ فرار ہونے والے دو افراد گرفتار
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سونے کے تاجر کی رقم کے ساتھ فرار ہونے والے دو افراد کو پولیس نے اندرون 24 گھنٹے گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس ناتھ زون اور مارکٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 30 سالہ روہن کدم اور 21 سالہ مزمل بالیگر ساکنان ستارا مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے دیگر دو ساتھی پرتھوی راج سالونکے اور پرساد مفرور بتائے گئے ہیں۔ میاٹ مارکٹ سکندرآباد میں واقع جوتی ریلنگ ریفائنگ کی 30 لاکھ روپئے نقد رقم کو لے کر ملزمین فرار ہوگئے تھے ۔ شکایت کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے روہن کدم اور مزمل بالیکر کو بنگلورو سے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 29 لاکھ 92 ہزار روپئے ضبط کرلئے۔ پولیس نے کارروائی میں 2 سیل فون اور ایک کار کو بھی ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ روہن کدم جوتی ریلنگ ریفائنگ میں کام کرتا تھا۔ دکان کے مالک نے ایک دکان پر ڈیلوری کا سونا روہن کے حوالے کیا اور وہاں سے رقم لانے کی ہدایت دی تھی۔ رقم حاصل کرنے کے بعد روہن نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ منصوبہ تیار کیا اور رقم لے کر فرار ہوگیا۔ نارتھ زون ٹاسک فورس نے اندرون 24 گھنٹے انہیں گرفتار کرلیا۔ع
پہاڑی شریف میں سڑک حادثہ، طالب علم ہلاک
حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک طالب علم فوت ہوگیا۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 18 سالہ محمد عبدالعلی جو نیو بابا نگر علاقہ کے ساکن عبدالجاوید کا بیٹا تھا طالب علم بتایا گیا ہے۔ عبدالعلی اپنی موٹر سائیکل پر پہاڑی شریف علاقہ سے گذررہا تھا کہ ایک تیز رفتار نامعلوم موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پہاڑی شریف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ ع
برقی شاک سے ایک شخص کی موت
حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ نارسنگی میں پیش آئے برقی شاک کے واقعہ میں ایک شخص فوت ہوگیا۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 41 سالہ سید قدیر اللہ حسینی جو بہادر پورہ علاقہ کا ساکن تھا جو پیشہ سے الیکٹریشن بتایا گیا ہے۔ قدیر اللہ نارسنگی علاقہ میں ایک کنسٹرکشن سائٹ پر کام کررہا تھا کہ کام کے دوران مشتبہ طور پر برقی شاک کا واقعہ پیش آیا اور حادثہ میں سید قدیر اللہ حسینی شدید متاثر ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ ع

میاں پور سافٹ ویر ملازمہ قتل کیس کا ملزم گرفتار
حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) میاں پور پولیس نے سافٹ ویر ملازمہ سنپرانا قتل کیس کو حل کرلیا اور قاتل کو گرفتار کرلیا۔ شوہر سے جھگڑے کے بعد والدہ کے ساتھ زندگی بسر کررہی 29 سالہ سنپرانا کا اس کے مکان میں قتل کردیا گیا تھا۔ پیشہ سے سافٹ ویر ملازمہ خاتون اور اس کے شوہر کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا اور طلاق کا مقدمہ زیر دوران تھا۔ پولیس میاں پور نے اس سلسلہ میں تحقیقات کرتے ہوئے سافٹ ویر ملازمہ منوج عرف بالو کو گرفتار کرلیا۔ منوج اور سنپرانا ایک ساتھ کام کرتے تھے جو کالج سے ساتھی تھے۔ سال 2023 میں شادی کے بعد منوج سنپرانا اور اس کے شوہر ونئے کمار کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے اور وہ والدہ کے ہمراہ رہتی ہے۔ وہ اس کے قریب ہوا اور محبت کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہا تھا لیکن اس نے صاف طور پر منوج کو انکار کردیا تھا جس کے بعد منوج نے سنپرانا سے دشمنی پیدا کرلی تھی اور موقع کا انتظارکرتے ہوئے اپارٹمنٹ میں داخل ہوگیا اور اس کا قتل کرنے کے بعد فرار اختیار کرلی تھی۔ میاں پور پولیس نے منوج کو گرفتار کرلیا ہے۔ ع
تین کم عمر لڑکے تالاب میں غرقاب
حیدرآباد۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ میں پیش آئے خوفناک واقعہ میں تین کم عمر لڑکے تالاب میں غرقاب ہوگئے۔ جینوم ویلی پولیس کے مطابق تین بچوں کی نعشوں کو پانی سے برآمد کرلیا گیا ہے جن کی شناخت 10 سالہ منوج، 14 سالہ منی ہرشا اور 13 سالہ ہرش وردھن کی حیثیت سے کرلی گئی جن کا تعلق ایم سی پلی تنور سے پایا جاتا ہے۔ بچوں کے پانی میں غرقاب ہونے کی وجوہات اور سارے معاملہ کی تفصیلات کے لئے جینوم ویلی پولیس نے ہر زاویہ سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ع

عاشق کی دھوکہ دہی کا شکار محبوبہ کی خودکشی
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) عاشق کی دھوکہ دہی کا شکار محبوبہ نے خودکشی کرلی۔ میڑپلی پولیس کے مطابق 21 سالہ راجیشوری جو میڑپلی علاقہ کے ساکن کشن کی بیٹی تھی اس لڑکی نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ راجیشوری ڈگری کی تکمیل کے بعد اپنے مکان میں رہتی تھی۔ کملا نگر علاقہ کے ساکن سندیپ نامی لڑکے سے وہ محبت کرتی تھی۔ سندیپ خانگی ملازم تھا ان دونوں کی شادی کے ذکر سے ان کے افراد خاندان نے انکار کردیا تھا اور لڑکی نے سندیپ سے شادی کی ضد کرتے ہوئے اپنے والدین کو سندیپ سے شادی کیلئے راضی کروایا تھا لیکن اس دوران سندیپ کسی اور لڑکی کے ساتھ تصاویرکو راجیشوری سے رجوع کیا گیا اور وہ شدید دلبرداشتہ ہوگئی اور خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
ملاوٹی سیندھی تیار کرنے والا مرکزبے نقاب، کیمیکل اور سیندھی ضبط
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کرتال پولیس نے ملاوٹی سیندھی تیار کرنے والے مرکز پر دھاوا کرتے ہوئے ملاوٹی سیندھی تیاری کے مرکز کو بے نقاب کردا۔ کرتال پولیس کی ٹیم نے رگھویندر ساکن سریکونڈا کرتال حدود کے مکان پر دھاوا کیا جو مختلف ادویات کی ملاوٹ کرتے ہوئے سیندھی تیار کررہا تھا اور پولیس کی پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا۔ درختوں سے حاصل سیندھی کی کم مقدار میں امونیم بائی کاربونیٹ پاؤڈر کی ملاوٹ کرتے ہوئے سیندھی تیار کررہا تھا۔ کرتال پولیس نے اس کے قبضہ سے ملاوٹی سیندھی ، دو کیلو امونیم بائیکاربونیٹ پاڈور، ایک بولیورو کار ضبط کرلیا۔ع
پٹاخوں کے بڑے ذخیرہ کا پردہ فاش، پٹاخے ضبط
ٹاسک فورس اور بیگم بازار پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے پٹاخوں کے ایک بڑے ذخیرہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے بھاری مقدار میں پٹاخوں کے ذخیرہ کو ضبط کرلیا۔ فیل خانہ کے رہائشی علاقہ میں دو گوداموں میں پٹاخوں کا ذخیرہ کیا گیا تھا۔ اطلاع پر ٹاسک فورس پولیس نے بیگم بازار پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 15 لاکھ روپئے مالیتی پٹاخوں کو ضبط کرلیا اور کارروائی میں 49 سالہ شیام یادوکھیریادالہ ساکن شاہ عنایت گنج کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شیام یادو نے دسہرہ اور دیوالی تہواروں کیلئے پٹاخوں کا ذخیرہ کیا تھا۔ اس نے رہائشی عمارتوں میں بغیر کسی اجازت کے دھماکو اشیاء کا ذخیرہ محفوظ کررکھا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ گرفتار شخص کو مزید کارروائی کیلئے بیگم بازار پولیس کے حوالے کردیا۔ ع