سیل فون رہزنوں کی دو رکنی ٹولی گرفتار، کم عمر لڑکے گرفتار
حیدرآباد /21 اگست ( سیاست نیوز ) چارمینار پولیس نے سیل فون رہزنوں کی دو رکنی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور کم عمر لڑکوں کو گرفتار کرلیا ۔ جو موٹر سائیکل پر گھومتے ہوئے سیل فون کی رہزنی کی وارداتیں انجام دے رہے تھے ۔ سب انسپکٹر پولیس محمد خلیل کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ایک کا تعلق ریاست نگر اور دوسرے کا تعلق فتح دروازہ سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک موبائل فون اور موٹر سائیکل کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق شکایت گذار میر عالم منڈی کمان کے قریب سے گذر رہا تھا کہ اس کا سیل فون چھین لیا گیا ۔ چارمینار پولیس کی ٹیم نے شکایت کے بعد فوری حرکت میں آتے ہوئے ان دو کمر عمر رہزنوں کو گرفتار کرلیا ۔ ع
بیوی کے ہاتھوں شوہر کا قتل
حیدرآباد /21 اگست ( سیاست نیوز ) میاں پور کے علاقہ میں ایک خاتون نے شوہر کا قتل کردیا ۔ کل رات پیش آئے میاں بیوی کے جھگڑے کے دوران بیوی نے شوہر کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول کے بھائی کی اطلاع کے بعد پولیس میاں پور نے تحقیقات کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کر رہی ہے ۔ اس قتل کی عینی شاہد مقتول کی بڑی بیٹی بتائی گئی ہے ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 35 سالہ علی حسین لشکر جو حفیظ پیٹ میاں پور علاقہ کا ساکن تھا ۔ آسام کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ علی حسین لشکر بیوی بچوں کے ہمراہ حفیظ پیٹ میں رہتا تھا ۔ کل رات علی حسین لشکر کا اس کی بیوی رخسانہ بیگم سے جھگڑا ہوا اور اس دوران خاتون نے ڈپٹے سے گلہ گھونٹ کر قتل کردیا ۔ پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ع
افضل گنج میں سیل فون رہزن گرفتار، مسروقہ فون اور موٹر سائیکل ضبط
حیدرآباد /21 اگست ( سیاست نیوز ) افضل گنج پولیس نے سیل فون رہزنوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ فون اور موٹر سائیکل کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 22 سالہ کارتک ساکن میرپیٹ متوطن مختار باغ نامپلی اور 20 سالہ ڈی اجئے ساکن میرپیٹ متوطن کلواکرتی کو گرفتار کرلیا۔ 16 اگست کے دن حاصل شکایت پر پولیس تحقیقات کر رہی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ شکایت گذار شخص سائی ویویک جو وجئے واڑہ کا ساکن ہے اپنے افراد خاندان کے ساتھ حیدرآباد آیا اور ایم جی بی ایس سے اپنی رشتہ دار بہن سے ملاقات کیلئے کوٹھی ای این ٹی ہاسپٹل کے قریب جارہا تھا کہ گولی گوڑہ علاقہ میں تین افراد جن کی عمریں 19 تا 22 سال کے درمیان تھیں ۔ موٹر سائیکل پر آئے اور سیل فون کو چھین کر فرار ہوگئے ۔ افضل گنج پولیس نے ایک کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع
واٹر ٹینک سے چھلانگ کے ذریعہ خودکشی
حیدرآباد /21 اگست ( سیاست نیوز ) قطب اللہ پور کے علاقہ میں ایک شخص نے واٹر ٹینک سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 48 سالہ راجو نے جو شدید مالی پریشانیوں کا شکار تھا ۔ قطب اللہ پور میں واقع واٹر ٹینک پر چڑھ گیا اور بلندی سے چھلانگ لگادی ۔ جس کے سبب برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ راجو کا تعلق سریکاکلم سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ راجو شدید مالی پریشانیوں کا شکار تھا جس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ افراد خاندان کی غیر موجودگی میں شدید ذہنی تناؤ کا شکار شخص نے چھلانگ لگادی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع