کریم نگر کے نوجوان کی سعودی عرب کے صحرا میں پیاس سے موت
چار دن تک صحرا میں پھنس گئے شہزاد، جائے نماز پر ملی نعش
جدہ، 23 اگست ( ایجنسیز ) ۔ تلنگانہ کے کریم نگر کے ایک این آر آئی کی سعودی عرب کے ایک صحرا میں بھٹک جانے سے شدید پیاس سے موت واقع ہوگئی ۔ سعودی عرب کا یہ وسیع جنوبی صحرا، جسے مشرقی صوبے میں ایمٹی کوارٹر یا روبہ الخالی کے نام سے جانا جاتا ہے، میں راستہ کھونے کے بعد شدید دھوپ کی وجہ سے پیاس کی شدت سے موت ہوگئی۔ متوفی کی شناخت 27 سالہ محمد شہزاد خان کے طور پر ہوئی ہے جو کریم نگر کے رہنے والے تھے اس واقعہ میں شہزاد خان اور ان کے ایک سوڈانی ساتھی بھی جاں بحق ہوگئے۔ان دونوں کی نعشیں جائے نماز پر دستیاب ہونے کی اطلاع ہے جس سے سمجھا جاتا ہے کہ ان دونوں نے گھر پہنچنے کی امید ختم کرتے ہوئے بھوک اور پیاس کی شدت میں جائے نماز میں اللہ سے رجوع ہوئے تھے شہزاد خان کریم نگر کے ناکہ چوراہے پر واقع شفا کلینک کے ڈاکٹر کے داماد بتائے گئے ہیں اور ایک سال قبل ہی ان کی شادی ہوئی تھی کہ یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کی کار کا جی پی ایس سگنل کھو بیٹھا، موبائل کی بیاٹری اور گاڑی میں پٹرول ختم ہو گیا اور وہ تقریباً چار دنوں تک ایک دور دراز صحرا میں پھنس گئے۔جمعرات کو وہ اپنے ساتھی کی نعش کے ساتھ ریت کے ٹیلے پر بچھائے گئے جائے نماز کے ساتھ پولیس کو دستیاب ہوئی۔ جائے نماز پر پڑی نعشوں کا دل کو چھو لینے والا منظر اس بات کی نشاندہی کر تا ہے کہ راستہ ڈھونڈنے میں تھکی ہوئی یہ جوڑی زندہ رہنے کی امید کھو چکی تھی ۔ ذرائع کے مطابق شہزاد گزشتہ تین سال سے سعودی عرب میں ٹیلی کمیونیکیشن مینٹیننس کمپنی میں کام کر رہے تھے۔ وہ اپنے ساتھی کے ساتھ کام پر تھے جو ایک سوڈانی شہری ہے یہ دونوں صحرا میں کام مکمل کرنے کے بعد راستہ بھول گئے تھے650,000 مربع کلومیٹر پر محیط روبہ الخالی دنیا کے سب سے ویران اور خطرناک صحراؤں میں سے ایک ہے۔ یہ زیادہ تر سعودی عرب کا مشرقی حصہ ہفوف کے قریب ریاض، سعودی عرب کے نجران صوبے، متحدہ عرب امارات، عمان اور یمن پر محیط ہے۔تیز دھوپ کے وسیع صحراؤں کے درمیان کاروں کی خرابی، موبائل سگنلز کا کھو جانا، نیویگیشن کی مشکلات، پانی کی کمی موت کا باعث بن رہی ہیں اور اس کے نتیجے میں صحراؤں میں موت واقع ہوتی ہے۔ ماضی میں ہندوستانیوں سمیت کئی شہریوں کی کھوپڑیاں ملی تھیں، بتایا جاتا ہے کہ ایک بار نیویگیشن کے گم ہو جانے سے صحرا میں موت یقینی ہے۔
خاتون صحافیوں پر حملہ کے واقعہ پر پولیس سے رپورٹ طلب،تلنگانہ مہیلا کمیشن کی کارروائی
حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ مہیلا کمیشن نے ناگر کرنول کے کونڈا ریڈی پلی موضوع میں دو خاتون صحافیوں پر حملہ پر از خود کارروائی کرتے ہوئے کلکٹر ناگر کرنول اور پولیس سے رپورٹ طلب کی۔ واضح رہے کہ کونڈا ریڈی پلی نے کسانوں کی قرض معافی اسکیم کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے دورہ کرنے والی دو خاتون صحافیوں کو کانگریس کارکنوں نے روک لیا تھا۔ خاتون صحافیوں کو کسانوں سے ملاقات سے روک دیا گیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا۔ صحافیوں کی تنظیموں نے اس واقعہ کے خلاف اسٹیٹ مہیلا کمیشن کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل پولیس سے نمائندگی کی۔ مہیلا کمیشن کی صدرنشین این شاردا نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر اطلاع دی ہے کہ ویمنس کمیشن نے اس واقعہ کا نوٹ لیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ناگر کرنول کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس معاملہ کی منصفانہ تحقیقات کرتے ہوئے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ کمیشن کو کارروائی رپورٹ سے واقف کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ خاتون صحافیوں اے سریتا اور وجیہ ریڈی نے صدرنشین مہیلا کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 1
آٹو مسافروں کی توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے والی شاطر ٹولی کا پردہ فاش
4 افراد بشمول خاتون گرفتار، کمشنر ٹاسک فورس ٹیم اور بیگم پیٹ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) آٹو میں سفر کے دوران مسافرین کی توجہ ہٹاکر سرقہ کرنے والی ایک شاطر ٹولی کا کمشنر ٹاسک فورس نے پردہ فاش کردیا اور 4 افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم اور بیگم پیٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں 49 سالہ عرفان ساکن نارتھ دہلی 38 سالہ محمد فیروز ساکن بورا بنڈہ، 30 سالہ شاکر ساکن دہلی متوطن یوپی اور 23 سالہ روبی ساکن دہلی متوطن سہارنپور یوپی کو گرفتار کرلیا۔ شاکر اور روبی میاں بیوی بتائے گئے ہیں۔ اس ٹولی کا سرغنہ عرفان بتایا گیا ہے۔ اس نے فیروز کے ساتھ منصوبہ تیار کیا اور دونوں میاں بیوی کو اس سازش میں شامل کرلیا۔ فیروز آٹو ڈرائیور ہے یہ لوگ بھیڑ والے مقامات بس اسٹیشن اور ریلوے اسٹیشن پر ساز و سامان والے مسافرین کو نشانہ بنایا کرتے تھے اور فیروز آٹو میں مسافرین کے انتظار میں رہتا تھا جو اکثر شیرنگ مسافرین کو آٹو میں سوار کرتا تھا۔ چونکہ آٹو میں پہلے سے شاکر اور اس کی بیوی روبی موجود رہتے تھے۔ سامان والے بیاگ لینے والے مسافرین کو آٹو میں سوار کرنے کے بعد اس کے سامان سے قیمتی اشیاء کا سرقہ کرلیا کرتے تھے اور فیروز درمیان سفر آٹو میں خرابی کا بہانہ بناکر انہیں اتار دیا کرتا تھا۔ 20 اگست کے دن بیگم پیٹ حدود میں اس طرح سے توجہ ہٹاکر سرقہ کیا گیا اور ٹاسک فورس پولیس نے بیگم پیٹ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں انہیں گرفتار کرلیا۔ ع
باپ کے ہاتھوں بیٹے کا قتل
شمس آباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع تونڈ پلی میں باپ نے شرابی بیٹے کا قتل کردیا ۔ تفصیلات کے بموجب دھولپاریڈی 35 سال قبل روزگار کی تلاش میں شمس آباد کے موضع تونڈ پلی کے علاقہ اندرما کالونی میں بیوی اور تین بچوں کے ساتھ پہنچا۔ دھولپا 71 سال کا دوسرا بیٹا جو شراب کا عادی ہوچکا تھا ۔ مسلسل ماں باپ سے شراب کیلئے رقم طلب کر رہا تھا ۔ آج بھی اس نے باپ سے پنشن کی رقم میں سے شراب کیلئے روپئے طلب کیا جس پر باپ اور بیٹے میں بحث ہوئی ۔ باپ نے غصہ کی حالت یں دوسرے بیٹے شیوا کار ریڈی کا گلا کاٹ دیا اور پیر پر بھی زخم آئے جس سے وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ شیوا کمار ریڈی کی ماں اور دھولپا ریڈی کی بیوی سرسوتی کی شکایت پر شمس آباد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔