جرائم و حادثات

   

جسم فروش لڑکیوں سے پولیس ملازمین کی معمول وصولی
کاروبار میں درپردہ پولیس کی مدد ، شکایت وصولی پر تین پولیس ملازمین معطل ، کمشنر سٹی پولیس کا اقدام
حیدرآباد ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس سے وابستہ ملازمین جسم فروش لڑکیوں سے معمول وصول کرنے لگے ہیں ۔ اسپانٹرس کی آڑ میں چلائے جارہے جسم فروشی کے کاروبار میں درپردہ مدد کرنے اور ان سے جسم فروشی کا حصہ لینے والے تین ملازمین پولیس کو معطل کردیا گیا ہے ۔ الزامات اور شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد سٹی پولیس کمشنر نے یہ اقدام کیا ۔ وردی کو شرمسار کرنے اور اختیارات کی آڑ میں شرمناک حرکت کرنے والے تین پولیس ملازمین معطل کردیئے گئے ۔ مدھورا نگر پولیس حدود میں منظرعام پر آئے اس سنگین واقعہ کے بعد کارروائی کی گئی ہے ۔ معطل شدہ تین پولیس کانسٹیبل نامودر ، ناگاراجو اور ستیش باضابطہ طورپر جسم فروشی کے ٹھکانوں سے ماہانہ معمول وصول کرتے تھے اور جب اُن کی مرضی پر جسم بیچنے والی لڑکیاں ٹھکانوں پر پہونچ جایا کرتی تھی ، وہ اُن سے حصہ لینے کے علاوہ اُن کے ساتھ وقت گذاری کرتے تھے اور اُن لڑکیوں کے ساتھ عیش کرتے تھے ۔ ان پولیس کانسٹیبلز پر الزامات اور شکایتیں حاصل ہوئیں اور ان سنگین الزامات کا کمشنر پولیس نے جائزہ لیا اور اعلیٰ عہدیداروں سے تحقیقات کروائی گئی جس کے بعد پولیس کانسٹیبلز قصور وار پائے گئے ۔ اسپانٹرس کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں اُن کی نقل و حرکت قید ہوگئی اور اس کا مشاہدہ کرنے کے بعد کمشنر پولیس کو عہدیداروں نے رپورٹ پیش کی جس کے فوری بعد اُنھیں معطل کردیا گیا ۔

شمشیرگنج ایس بی آئی کا سابق منیجر اور ساتھی گرفتار
حیدرآباد ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) سائبر سکیورٹی پولیس نے تین دن قبل شمشیر گنج ایس بی آئی بینک میں 175 کروڑ روپیوں کے اسکام میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا ۔ سائبر سکیورٹی پولیس نے اس کیس میں پیشرفت کرتے ہوئے ایس بی آئی سابق منیجر مدھو بابو اور اسکا ساتھی سندیپ کو گرفتار کرلیا ۔ سائبر سکیورٹی پولیس نے بتایا کہ محمد شعیب نے غریب آٹو ڈرائیورس اور کیاب ڈرائیورس کو اپنے جال میں پھنساکر اُن کے کرنٹ اکاؤنٹ کھلوایا جس کے لئے ہر ایک کو 20 تا 30 ہزار روپئے ادا کئے گئے ۔ شعیب کا بینک کے سابق منیجر مدھو بابو نے پورا تعاون کیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس عہدیداروں نے سابق منیجر مدھو بابو اور اُس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے دیگر ملزمین کی تلاش شروع کردی ۔

رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ کے نام پر دھوکہ دینے والے میاں بیوی گرفتار
حیدرآباد ۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ کے نام پر دھوکہ دینے والے میاں بیوی کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سائبرآباد اکنامک ایفنسی ونگ نے ایک کارروائی میں جولا پلی سنیتا اور اُن کے شوہر جولا پلی چندراشیکھر ساکنان گوپن پلی کو گرفتار کرلیا ۔اکنامک ایفنسی وینگ کے مطابق سدھیر چکا ، پرانوے اور وائدھی سے ایک کروڑ 2 لاکھ 89 ہزار روپئے رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ کے نام پر حاصل کئے ۔ ان شکایت گذاروں کو بھاری منافع کا لالچ دیا گیا اور پھر ان کی رقم کے عوض ضمانت کے طورپر چیوڑلہ علاقہ میں اراضی اُن کے نام پر کرنے کی گیارنٹی دی گئی لیکن اس اراضی پر گیٹیڈ کمیونٹی کو ترقی دی گئی اور اُنھیں پھر دوبارہ 33 گنٹہ اراضی کا تیقن دیا گیا ۔ شکایت گذاروں کو نہ ہی زمین دی گئی اور نہ ہی اُن کی رقم کا منافع اُنھیں دیا گیا جس کے سبب انھوں نے پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس نے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا ۔

کوکٹ پلی میں سڑک حادثہ، ایک شخص ہلاک
حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کوکٹ پلی کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 45 سالہ علاء الدین فوت ہوگیا۔ پولیس کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کے مطابق علاء الدین سنیما تھیٹر میں آپریٹر تھا جو حیدر نگر علاقہ کے ساکن ضمیر الدین کا بیٹا تھا۔ 24 اگسٹ کو علاء الدین سڑک عبور کرنے کے دوران ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
مندر کے مینٹننس کے مسئلہ پر بھائیوں میں جھگڑا ، ایک ہلاک
حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( سیاست نیوز) مندر کے مینٹننس کے مسئلہ پر چچازاد بھائیوں کا تنازعہ ایک کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ بالا نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 38 سالہ مکیندر اس کے چچازاد بھائی مدھو کے حملہ میں ہلاک ہوگیا۔ مدھو نے مکیندر پر حملہ کردیا اور بچاؤ کے لئے پہنچی مکیندر کی بیوی ساوتری بھی اس حملہ میں شدید زخمی ہوگئی۔ تاہم علاج کے دوران مکیندر فوت ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مکیندر پیشہ سے ٹیکنیشن تھا ان کے خاندان کی ایک قدیم مندر ہے جس کو باری باری سے افراد خاندان میں دیکھ بھال کیلئے تقسیم کیا جاتا ہے۔ گذشتہ ایک سال سے مکیندر دیکھ بھال کررہا تھااور یہ بات اس کے چچازاد بھائی مدھوکو پسند نہیں تھی اور اس نے مکیندر کو ہلا ک کرنے کا منصوبہ بنایا۔ کل دوپہر درانتی اور لوہے کی سلاخ لے کر مکیندر کے گھر پہنچا اور دونوں میاں بیوی پر حملہ کردیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
برقی شاک سے کمسن لڑکے کی موت
حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقہ بلارم میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں ایک کمسن لڑکا برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا۔ بلارم پولیس کے مطابق8 سالہ سوکیش وردھن گوڑ جو مچا بلارم علاقہ کے ساکن راجہ گوڑ کا بیٹا تھا 24 اگسٹ کو برقی ہیٹر کی زد میں آکر شدید جھلس گیا تھا۔ سوکیش وردھن گوڑ اور اس کی 6 سالہ بہن مکان میں اکیلے تھے۔ راجہ گوڑ جو پیشہ سے کار ڈرائیور ہے اپنی بیوی ناگ لکشمی کو اسٹور چھوڑنے گیا تھا جو ریلائنس اسٹور میں کام کرتی ہے۔ اس دوران راجہ گوڑ نے گھر میں پانی گرم کرنے کیلئے بکٹ میں ہیٹر رکھ دیا تھا اور اس پانی کی بکٹ میں کمسن طالب علم نے ہاتھ ڈال دیا۔ جسے فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جو کل علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
شمس آباد میں شرابی کی نیشنل ہائی وے پر ہلچل
شمس آباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میں کل شام ایک شرابی نشہ کی حالت میں بس اسٹانڈ چوراہے پر اپنا شرٹ اتار کر ہر گاڑی کے سامنے ٹھہر کر گاڑیوں کو روک کر ان کے ساتھ بدسلوکی کررہا تھا جس سے ٹریفک کا بہاؤ رک گیا تھا ۔ شمس آباد ٹریفک پولیس نے فوراً اسے پکڑ کر شمس آباد آر جی آئی اے پولیس کے حوالہ کردیا ۔ شرابی شخص جو شمس آباد بریج کے نیچے پھولوں کو فروخت کرتا ہے نشہ کر کے وہ اپنا ہوش کھو بیٹھا اور سڑک پر تماشہ کرنے لگا ۔ ہر چند دنوں میں شرابیوں کی ہلچل کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔۔