جرائم و حادثات

   

سیل فون رہزنی کی ٹولی کا پردہ فاش ، تین رہزن بشمول دو کمسن گرفتار
سیل فون اور ایکٹیوا گاڑی ضبط ، ٹاسک فورس نارتھ زون اور کارخانہ ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے کارخانہ پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی میں سیل فون رہزنوں کی ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور تین رہزن بشمول دو کم عمر لڑکوں کو حراست میں لے لیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم اور کارخانہ پولیس کی جانب سے مشترکہ کارروائی کی گئی ۔ پولیس نے 19 سالہ بی راکیش ناگراج یادو ساکن یاپرال اور دو کم عمر لڑکوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک سیل فون اور ایکٹیوا گاڑی کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت ایک لاکھ 25 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ راکیش نے اپنے دو کم عمر لڑکوں کے ساتھ مل کر سیل فونس رہزنی کی سازش تیار کی اور سنسان علاقوں میں گھوما کرتے تھے ۔ تنہا شہریوں کو نشانہ بناکر ان کے قبضہ سے سیل فونس کا سرقہ کرتے تھے ۔ 29 اگست کو راکیش اور اس کے کم عمر ساتھیوں نے سکندرآباد کلب کے قریب ایک شہری سے سیل فون چھین لیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ۔۔ ع
گورنمنٹ یونانی ڈسپنسری چنچل گوڑہ میں سرقہ کی سنگین واردات
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) گورنمنٹ یونانی ڈسپنسری چنچل گوڑہ میں سرقہ کی سنگین واردات پیش آئی۔ نامعلوم سارقوں نے دروازہ توڑ کر یونانی ڈسپنسری سے لیاپ ٹاپ و دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا۔ اس بات کا انکشاف آج صبح اس وقت ہوا جب عملہ ڈسپنسری کو پہنچا۔ مین ڈور کو توڑ کر سارق اندر داخل ہوئے اور الماریوں کو بھی تباہ کردیا۔ ڈسپنسری سے لیاپ ٹاپ کے علاوہ دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا گیا۔ اس واردات سے طبی حلقوں میں سنسنی پھیل گئی ۔ عملہ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور کلوز ٹیم اور فنگر پرنٹس کی ٹیم نے یونانی ڈسپنسری سے شواہد کو اکٹھا کرلیا اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
پرانے شہر میں مٹکہ سٹہ کا ریاکٹ بے نقاب
8 افراد بشمول اصل سرغنہ گرفتار ، ٹاسک فورس ٹیم اورحسینی علم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) پرانے شہر میں چلائے جارہے مٹکہ ریاکٹ کا پولیس نے پردہ فاش کردیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم اور حسینی علم پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دودھ باولی علاقہ میں دھاوا کیا اور 8 افراد بشمول اصل سرغنہ کو گرفتار کرلیا ۔ جو ایک مکان میں مٹکہ سٹہ چلا رہے تھے ۔ آٹو ڈرائیورس ٹھیلہ بنڈی پر کارروائی کرنے والے روزانہ کی مزدوری پر کام کرنے والے ہوٹل ورکرس پان شاپ پر کام کرنے والے افراد کو یہ لوگ نشانہ بنارہے تھے اور آسان انداز میں پیسے کمانے کا لالچ دیکر مٹکہ پر سٹہ چلا رہے تھے ۔ انسپکٹر راگھویندرا ساؤتھ زون ٹاسک فورس کی ٹیم نے کارروائی میں 49 سالہ شیخ مصطفی ساکن حسینی علم 29 سالہ شیخ سمیر 58 سالہ شیخ عمود 35 سالہ شیخ جعفر ساکنان حسینی علم جو آرگنائزرس بتائے گئے ہیں کے علاوہ 65 سالہ شیخ رفیق احمد ساکن مصری گنج 35 سالہ عظمت علی ساکن بہادرپورہ 53 سالہ محمد حلیم ساکن حسینی علم 48 سالہ محمد غنی ساکن بہادرپورہ کو گرفتار کرلیا جبکہ عظیم ساکن دودھ باؤلی جو آرگنائزر بتایا گیا ہے مفرور ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 76150 روپئے نقد رقم 42 سٹہ کی چٹھیاں اور ایک بنڈل 4 موبائل فون اور ایک کیالکولیٹر کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق شیخ مصطفی ساکن حسینی علم نے دودھ باولی میں ایک کمرہ حاصل کیا اور اس میں مٹکہ کا سٹہ چلا رہا تھا ۔ جبکہ سمیر ، شیخ محمد ، جعفر شیخ صادق اور عظیم کو اس سٹہ میں شامل کرلیا ۔ مٹکہ سٹہ کی مشہور ویب سائٹ کا استعمال کر رہے تھے ۔ غریب محنت کی کمائی کرنے والے ہر دن کی کمائی کرنے والے مزدوروں کو یہ لوگ نشانہ بنارہے تھے ۔ آسان انداز میں پیسہ کمانے کا انہیں لالچ دیکر مٹکہ کا سٹہ چلایا جارہا تھا ایک اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ۔ع
مرکزی وزیر بنڈی سنجے کا ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ربط
جینور واقعہ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار نے ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ڈاکٹر جتیندر سے ربط قائم کرتے ہوئے آصف آباد کے جینور میں قبائیلی خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعہ کے بارے تفصیلات حاصل کی۔ بنڈی سنجے نے 31 اگسٹ کو پیش آئے اس واقعہ کے تاخیر سے منظر عام پر آنے کی وجوہات کے بارے میں سوال کیا۔ بنڈی سنجے نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو فون پر جینور واقعہ کے خاطیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی اور وہاں کی کشیدہ صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ بنڈی سنجے کمار کے مطابق 31 اگسٹ کو جینور منڈل کے دیوو گوڑہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ پیش آیا اس واقعہ کے خلاف قبائیل میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ اگر پولیس بروقت کارروائی کرتی تو صورتحال بگڑنے سے بچ جاتی۔ انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی کے بعد خاتون کی سڑک حادثہ میں موت کی واقعہ کا رُخ موڑنے کی کوشش کی گئی لہذا خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے قتل اور عصمت ریزی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔
بنڈی سنجے کمار نے امن و ضبط کی صورتحال پر نظر رکھنے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مشورہ دیا تاکہ برہم قبائیل کو مطمئن کیا جاسکے۔1