جرائم و حادثات

   

ٹپہ چبوترہ سے لاپتہ کمسن بچہ برآمد
سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاتون کی شناخت، ملزمہ کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) ٹپہ چبوترہ پولیس نے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے 4 سالہ کمسن بچے کا کامیاب طور پر پتہ لگالیا۔ تفصیلات کے مطابق 30 مئی کو شام 7 بجے 4 سالہ محمد حمزہ ساکن ٹپہ چبوترہ جو اپنے مکان کے سامنے کھیل رہا تھا اچانک غائب ہوگیا۔ گمشدہ بچے کے والدین نے ٹپہ چبوترہ پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ شروع کیا۔ اس کارروائی کے دوران ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس کو یہ ظاہر ہوا کہ ایک خاتون لاپتہ بچے کو اپنے ہمراہ ساتھ لے جارہی ہے۔ پولیس نے اس خاتون کا پتہ لگایا جس کی شناخت 40 سالہ تسلیم بیگم ساکن گنگا باؤلی ٹپہ چبوترہ کی حیثیت سے کی گئی ہے اور بچے کو اس کے پاس سے برآمد کرلیا گیا۔ تفتیش میں تسلیم بیگم نے بتایا کہ محمد حمزہ اتفاقی طور پر اس کے پاس آگیا تھا اور وہ رات ہونے کے نتیجہ میں اپنے ہمراہ مکان لے گئی۔ تسلیم بیگم اس لاپتہ بچے کے لئے قریب کی مسجد میں اعلان کرانے کا ارادہ رکھتی تھی جبکہ پولیس نے اسے برآمد کرلیا اور والدین کے حوالے کردیا۔ ب؍F

گنڈی پیٹ میں فرضی جی او کے ذریعہ سرکاری اراضی فروخت کرنے والے ملزمین گرفتار
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) گنڈی پیٹ میں واقع سرکاری اراضیات کو فرضی جی او کے ذریعہ فروخت کرنے کے کیس میں سائبر آباد پولیس نے آج مزید 2 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق 53 سالہ وی رادھا کرشنا اور اس کے ڈرائیور 34 سالہ جی پروین کمار کو پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ رادھا کرشنا جو انفارمیشن ٹکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ میں آؤٹ سورسنگ کی حیثیت سے سال 2006 تا 2009 متحدہ آندھرا پردیش کے سکریٹریٹ میں ملازمت کرچکا ہے۔ اپنی ملازمت سے حاصل ہونے والی جان کاری کے ذریعہ اس نے خود کو ڈپٹی کلکٹر ظاہر کرتے ہوئے ضلع رنگاریڈی کے گنڈی پیٹ ولیج میں سروے نمبر 18 میں قیمتی اراضیات کو فروخت کرنے کی غرض سے اس نے کئی افراد سے رابطہ قائم کیا اور اراضیات کے سرکاری رکاوٹوں کو باقاعدہ بنانے کا بھی دعوی کیا۔ رادھا کرشنا نے اس سلسلہ میں فرضی جی او اور سی سی ایل اے کا فرضی نو آبجکشن سرٹیفکیٹ بھی تیار کیا اور تقریباً 12 کروڑ روپے تک حاصل کرلیا۔ رادھا کرشنا آندھرا پردیش اور تلنگانہ دونوں ریاستوں میں کئی دھوکہ دہی کی وارداتوں میں ملوث ہے اور وہ بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت دلانے کی غرض سے دھوکہ دے چکا ہے۔ حالیہ دنوں نارسنگی پولیس کی جانب سے گنڈی پیٹ ولیج میں واقع سرکاری اراضیات کو فرضی جی او کے ذریعہ فروخت کرنے کے کیس میں وہ پولیس کو مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری آج عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے فرضی جی او کی کاپیاں، لیاپ ٹاپ، چیک بوکس، ربر اسٹامپس، اے ٹی ایمس اور مختلف اراضیات کے کئی دستاویزات ضبط کرلئے گئے ہیں۔ ب؍F

لفٹ مرمت کے دوران میکانک کی موت
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ چادر گھاٹ پر ایک حادثہ میں لفٹ کی مرمت کے دوران ایک میکانک ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 41 سالہ جے بی سشیل کمار جھاڑے ساکن الوال ہفتہ کی شب چادر گھاٹ علاقہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ کی لفٹ کی مرمت کے لئے آیا تھا۔ کافی دیر تک لفٹ میں حرکت نہ ہونے پر اپارٹمنٹ کے مقیم افراد نے میکانک کو آواز دینا شروع کیا لیکن وہ جواب دینے سے قاصر رہا۔ مقامی افراد نے چادر گھاٹ پولیس کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا اور پولیس ٹیم وہاں پہنچ کر سشیل کمار کو لفٹ میں مردہ پایا۔ ب؍F