گانجہ منتقلی کا بین ریاستی ریاکٹ بے نقاب،5 افراد گرفتار ، 254 کلو گانجہ ضبط
حیدرآباد : /10 ستمبر (سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم راجندر نگر اور راجندر نگر پولیس نے ایک بڑی کارروائی میں بین ریاستی گانجہ منتقل کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 254 کیلو گانجہ ایک کار کو ضبط کرلیا جس کی مالیت ایک کروڑ 4 لاکھ 65,700 روپئے بتائی گئی ہے ۔ یہ گانجہ آراکو آندھراپردیش سے برائے حیدرآباد ممبئی اور اترپردیش منتقل کیا جارہا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر سرینواس نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 30 سالہ ٹھاکر سچن سنگھ ساکن سلطان پور اترپردیش ، 21 سالہ محمد ندیم ساکن پرتاپ گڑھ اترپردیش ، 24 سالہ محمد ثقلین ، 24 سالہ محمد سلیم ساکنان پرتاپ گڑھ اور 22 سالہ پرشانت سنگھ ساکن پرتاپ گڑھ اترپردیش کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی کے مطابق ان افراد کے قبضہ سے ایک دیسی ساختہ پستول اور گیارہ کارتوس بھی ضبط کرلئے گئے ۔ اس پستول کو ٹولی کے اصل سرغنہ ٹھاکر سچن نے اترپردیش کے پرتاپ گڑھ سے خریدا تھا جو گانجہ منتقلی کے دوران استعمال کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ 150 کیلو گانجہ کو پرتاپ گڑھ میں امیت سنگھ کے حوالے کرنا تھا اور 100 کیلو گانجہ کو ممبئی میں گانجہ اسمگلر کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ وادی اراکو وشاکھاپٹنم سے گانجہ خریدنے کے بعد برائے حیدرآباد گانجہ کو منتقل کیا جارہا تھا ۔ آؤٹر رنگ روڈ کے ذر یعہ راجندر نگر علاقہ سے گزرنے کے دوران خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ ع
معطل ایڈیشنل ایس پی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج
حیدرآباد۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) فون ٹیاپنگ معاملہ کے ملزم معطل ایڈیشنل ایس پی بھوجنگ راؤ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اراضی پر قبضہ کے لئے مدد کرنے اور بھاری حصہ داری کے لئے حقیقی وارثوں کو ہراساں کرنے اور تحقیقاتی عہدیداروں پر دباؤ ڈالنے کے سنگین الزامات بھوجنگ راؤ پر عائد کئے گئے ہیں۔ متاثرہ شخص کی شکایت پر اکنامک ایفنس وینگ سائبر آباد کی جانب سے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق میر عباس علی خاں نامی شخص کی کمشنر سے ملاقات اور فریاد کرنے کے بعد کمشنر کی ہدایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اکنامک ایفنس وینگ کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میر عباس علی خاں کے مرحوم والد ہاشم علی خاں کو بھوجنگ راؤ نے شدید ہراساں کیا۔ اس وقت کوکٹ پلی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے عہدے پر بھوجنگ راؤ فائز تھے۔ شکایت گذار کی مورثی جائیداد کوکٹ پلی علاقہ میں ہے اور تقریباً 340 ایکڑ اراضی پر قبضہ کے لئے بھوجنگ راؤ پر مدد کرنے کا الزام ہے۔ فون ٹیاپنگ معاملہ میں بھوجنگ راؤ کی گرفتاری کے بعد شکایت گذار نے کمشنر پولیس سائبر آباد سے ملاقات کا فیصلہ کیا تھا اور ساری تفصیلات پولیس کمشنر کو بتائی اور ثبوت پیش کئے۔ بھوجنگ راؤ پر لینڈ گرابرس کی حوصلہ افزائی اور اپنے ذاتی فائدے کے لئے لینڈ گرابرس کی مدد کرنے مرحوم ہاشم علی کے خلاف فرضی مقدمہ درج کرنے اور انہیں گرفتار کروانے ے علاوہ اراضی پر قبضہ کی منصوبہ بندی اور ہاشم علی کی شکایت پر تحقیقات کرنے والے عہدیداروں پر دباؤ ڈالنے کے سنگین الزامات ہیں۔ سائبر آباد کی اکنامک ایفنس وینگ اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ ع
بیگم پیٹ میں عمارت سے چھلانگ لگاکر خاتون کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بیگم پیٹ کے علاقہ میں ایک خاتون نے عمارت کی بلندی سے چھلانگ لگاکر خود کشی کرلی ۔ بیگم پیٹ پولیس کے مطابق رنجیتا نامی خاتون جو انڈین ایر لائنس کالونی بیگم پیٹ علاقہ کے ساکن ہریش جی پربھو کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے عمارت کی 6 ویں منزل سے چھلانگ لگاکر خود کشی کرلی ۔ ہریش بی ۔ پربھو ایس بی آئی میں اے بی ایم کے عہدے پر فائز ہیں جن کی بیوی کے علاوہ دو بچے ہیں جاریہ سال جولائی میں ان کا تبادلہ ہوا جو چینائی سے حیدرآباد پہونچے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق رنجیتا اپنی والدہ کی موت سے شدید دل برداشتہ ہوگئی تھی ۔ گذشتہ سال اپریل میں اس خاتون کی والدہ فوت ہوگئی تھی ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ والدہ کی موت سے دل برداشتہ ہو کر رنجیتا نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ اس خاندان کا تعلق کیرالا سے بتایا گیا ہے ۔ بیگم پیٹ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع
محبت کے نام پر لڑکی کو جھانسہ ، ملزم کو 5 سال قید
حیدرآباد۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کی فاسٹ ٹریک عدالت نے پاکسو مقدمہ میں فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ حیات نگر پولیس اسٹیشن کے 2018 کے مقدمہ میں عدالت نے ملزم 25 سالہ ایم وکرم کو 5 سال کی سزا اور 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ دیا۔ متاثرہ کم عمر لڑکی کو ایک لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی حکم دیا گیا۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 2018 میں حیات نگر پولیس حدود میں کم عمر لڑکی کو محبت کے نام پر وکرم نے جھانسہ دیا اور لڑکی کا اغوا کرتے ہوئے اس کا جنسی استحصال کیا تھا۔ حیات نگر پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ داخل کی اور عدالت نے آج مقدمہ کا فیصلہ سنایا۔ ع