مشیر آباد میں غیر قانونی چلائے جارہے میڈیکل شاپ کو بند کردیا گیا
حیدرآباد 18 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ٹی جی سیف دا کنٹرول حکام نے شہر کے علاقہ مشیرآباد میں ایک غیرقانونی طورپر چلائے جارہے میڈیکل شاپ پر دھاوا کرکے اُسے مہربند کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹی جی سیف حکام نے مشیرآباد باکارم میں مہاویر میڈیکلس پر 18 ستمبر کو اچانک دھاوا کیا اور یہ پایا گیا کہ میڈیکل شاپ کا مالک جیش اروند جین بغیر ڈرگس لائسنس کے یہ میڈیکل شاپ چلا رہا تھا ۔ دھاوے کے دوران ڈرگس انسپکٹرس نے مہاویر میڈیکل شاپ سے 32 قسم کی ادویات بشمول اینٹی بائیوٹیکس ، پین کلرس اور دیگر ادویات کو ضبط کرلیا جن کی ایکسپائیری ہونے کے باوجود میڈیکل میں فروخت کیا جارہا تھا ۔ ٹی جی سیف کمشنر اویناش موہنتی نے ادویات فروخت کرنے والے ہول سیلرس اور ڈیلرس کو انتباہ دیا کہ غیرلائسنس یافتہ میڈیکلس کو ادویات فروخت کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی اور میڈیکل شاپ کو بھی مہربند کردیا جائیگا ۔
چوتھی جماعت کی طالبہ کی اسکول میں مشتبہ موت
حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) شادنگر کے علاقہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک چوتھی جماعت کی طالبہ اسکول میں مشتبہ حالت میں فوت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 سالہ طالبہ ورنیکا اسکول میں سیڑھیوں سے مشتبہ حالت میں گرکر فوت ہوگئی۔ ورنیکا شاد نگر میں واقع انڈین پبلک اسکول میں چوتھی جماعت میں زیرتعلیم تھی۔ لڑکی روزانہ کے معمول کے طرز پر اسکول پہونچی جو مشتبہ حالت میں سیڑھیوں سے گرکر شدید زخمی ہوگئی۔ ساتھی طلبہ نے بچی کو سیڑھیوں سے اُٹھایا جو بے ہوش ہوگئی تھی۔ لڑکی کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ فوت ہوگئی۔ بچی کی سیڑھیوں سے گرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جو اسکول کے سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ کی گئی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔(ع؍V)
شہر اور نواحی علاقوں میں تین افراد بشمول دو طلبہ کی خودکشی
حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں 3 افراد بشمول 2 طلبہ نے خودکشی کرلی۔ اننت پور کے ایک انٹر طالب علم نے سکندرآباد میں ٹرین کی پٹریوں پر خودکشی کرلی۔ لڑکے کی جیب سے دستیاب فون نمبر سے اس کی شناخت کی گئی جو والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے پریشان تھا۔ اس نے گھر سے ناراض ہوکر سکندرآباد کا رُخ کیا اور خودکشی کرلی۔ پولیس سکندرآباد کے مطابق نوجوان نے لالہ گوڑہ اور سکندرآباد کے درمیان ریلوے لائن پر خودکشی کرلی۔ 18 سالہ پون سائی جو انٹرمیڈیٹ میں زیرتعلیم تھا، گنیش تہوار کی چھٹی پر گھر آیا تھا جو کالج جانے سے انکار کررہا تھا۔ لڑکے کو اس کے والد نے ڈانٹ ڈپٹ کی جس پر اس نے گھر چھوڑ دیا۔ ریلوے پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ دوسرے واقعہ میں جو ڈنڈیگل پولیس حدود میں پیش آیا، 20 سالہ سائی چرن نامی لڑکی نے ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ سائی چرن انجینئرنگ کی طالبہ تھی جو بہادریو پلی کے علاقہ میں ایک ہاسٹل میں رہتی تھی۔ تیسرا واقعہ چکڑپلی کے علاقہ میں پیش آیا جہاں منوج نامی نوجوان نے اسٹیل برج سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ منوج رام نگر علاقہ کا ساکن تھا جو ایک ڈائیگناسٹک سنٹر میں کام کرتا تھا۔ اس نے آر ٹی سی چوراہے پر واقع اسٹیل برج سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔(ع؍V)
ونستھلی پورم میں دودھ فروش کا بہیمانہ قتل
حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) ونستھلی پورم کے علاقہ میں دودھ فروش کا قتل کردیا گیا۔ آج صبح جب وہ اپنی ایکٹیوا گاڑی پر جارہا تھا کہ ایک شخص نے مہلک ہتھیار سے حملہ کرکے اس کا قتل کردیا۔ اس واقعہ سے علاقہ میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی۔ مقتول کی شناخت 60 سالہ بھوجنگا راؤ کی حیثیت سے کرلی گئی جو پیشہ سے دودھ کا کاروبار کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق قاتل نے خودسپردگی اختیار کرلی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بھوجنگا راؤ اور شیویندر سنگھ کے درمیان رقمی لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا اور شویندر سنگھ جو مقامی طور پر ایک اسٹیشنری دوکان چلاتا ہے، بھوجنگا راؤ سے بدلہ لینا چاہتا تھا اور اس کی فراخ میں تھا۔ اس نے آج موقع کا فائدہ اُٹھاکر حملہ کردیا۔ اس حملہ میں شدید زخمی بھوجنگا راؤ ہاسپٹل منتقلی کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس ونستھلی پورم مصروف تحقیقات ہے۔(ع؍V)