کندکور میں ایک شخص برقی شاک سے فوت
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)کندکور کے علاقہ میں ایک شخص برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ کندکور پولیس کے مطابق 22 سالہ سائی کمار جو پیشہ سے پلیٹس تیار کرنے کا کام کرتا تھا ۔ اس نے لیمور میں پلیٹس تیار کرنے کا کارخانہ قائم کیا تھا ۔ سائی کمار معمول کے مطابق کارخانے میں کام کررہا تھا کہ برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
نوجوان کی حمایت ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز)شادی کے 8 ماہ میں زندگی سے بیزار ایک نوجوان نے حمایت ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ آر جی آئی شمس آباد پولیس کے مطابق 30 سالہ کے ہمیشا چاری ویکر سیکشن کالونی شمس آباد میں رہتا تھا اور پیشہ سے ترکاری فروش تھا ۔ اس کی شادی 8 ماہ قبل ہوئی تھی جو 17 ستمبرکو شمس آباد جانے کیلئے کوتوال گوڑہ سے نکلا جہاں وہ چند دنوں سے مقیم تھا اور واپس نہیں لوٹا۔ حمایت ساگر سے اس کی نعش برآمد کرلی گئی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
معین آباد میں ایک بھائی کے ہاتھوں دوسرے بھا ئی کا قتل
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) معین آباد کے علاقہ میں ایک بھائی کی مارپیٹ سے دوسرا بھائی ہلاک ہوگیا ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 45 سالہ یادیا جو پیشہ سے مزدور تھا ناگی ریڈی گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل شام یادیا اور اُس کے بھائی سنجیو کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ پولیس کے مطابق دونوں نشہ کی حالت میں تھے اور اکثر جھگڑا کرتے تھے ۔ کل شام بھی دونوں کا آمنا سامنا ہوا اور بحث و تکرار کے بعد دونوں ایک دوسرے سے جھگڑا کرنے لگے ، اس دوران سنجیو نے اپنے بھائی یادیا کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور مارپیٹ سے شدید زخمی یادیا فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع
ڈنڈیگل میں خاتون کی مشتبہ موت
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ ڈنڈیگل میں ایک خاتون کیمشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ تاہم اس خاتون کی مشتبہ موت پر قتل کا شبہ ظاہر کیا جارہاہے ۔ ڈنڈیگل پولیس کے مطابق 50 سالہ شاردھا جو مللم پیٹ علاقہ کے ساکن ستیہ نارائنا کی بیوی تھی اپنے مکان میں مردہ پائی گئی ۔ شاردھا کے بیٹے نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کی ماں کا نامعلوم افراد نے قتل کردیا۔ پولیس ڈنڈیگل نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
ہوٹل مالکین کو دھمکاکر رقم کا مطالبہ دو خواتین کیخلاف مقدمہ درج
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) پیٹ بشیرآباد پولیس نے دو خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جنھوں نے ہوٹل مالکین کو دھمکاکر رقمی مطالبہ کیا ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 50 سالہ لکشمی ساکن ملک پیٹ اور 58 سالہ وجئے لکشمی ساکن سکندرآباد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایاکہ دونوں خواتین نے سوچترا علاقہ کی ایک ہوٹل میں جاکر ہوٹل کو بند کروانے کی دھمکی دی ۔ ہوٹل میں جانچ کے نام پر ہوٹل کا معائنہ کیااور ہوٹل مالکین کو ہوٹل بند کروانے اور مقدمات درج کروانے کی دھمکی دیکر رقم کا مطالبہ کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں خواتین نے اپنی شناخت آل انڈیا کونسل آف ہیومن رائٹس کے کارکن بتایا اور دھمکیاں دیں ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع