جرائم و حادثات

   

کلکٹوریٹ رنگاریڈی میں پولیس ملازم کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) کلکٹوریٹ رنگاریڈی میں ایک پولیس ملازم نے خودکشی کرلی۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس ملازم نے اپنی بندوق سے خودکشی کرلی۔ ضلع رنگاریڈی کلکٹوریٹ واقع کنگرکلاں میں یہ واردات پیش آئی۔ ڈیوٹی پر متعین 27 سالہ کانسٹیبل بالا کرشنا نے اپنی بندوق سے فائر کرکے خودکشی کرلی۔ 2018ء بیاچ اے آر زمرے کا کانسٹیبل بالاکرشنا کا تعلق منچال سے بتایا گیا جو کلکٹوریٹ میں برسر کار تھا اور کل رات ڈیوٹی پر تعینات تھا۔ کانسٹیبل کے اس انتہائی اقدام سے پولیس کے حلقوں میں سنسنی پھیل گئی۔ تاہم کانسٹیبل کے اس انتہائی اقدام کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
حیڈرا کی انہدامی کارروائی کا خوف، خاتون کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) کوکٹ پلی میں حیڈرا کے خوف سے ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ 56 سالہ جی بوچماں نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی جو علاقہ میں حیڈرا کی انہدامی کارروائی سے خوفزدہ تھی۔ 22 ستمبر کو حیڈرا سے نلاچیرو کے قریب انہدامی کارروائی کی گئی اور اس سے اپنے مکانات کے تعلق سے بوچماں خوفزدہ تھی۔ بوچماں کی تین جائیدادیں 2 مکانات اور ایک شیڈ ہے جس کو بوچماں اور اس کے شوہر شوایا نے تعمیر کروایا تھا اور تین جائیدادوں کو اپنی تینوں لڑکیوں کے نام کردیا تھا ۔ اپنی جائیدادوں کے تحفظ پر بوچماں پریشان رہتی تھی۔ بوچماں یادو بستی میں رہتی تھی ۔ بیٹیوں کو دی گئی جائیدادوں کی تباہی و انہدامی کارروائی کے زد میں آنے کی فکر میں پریشان تھی، جس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ اس خاتون کی خودکشی کے بعد پیدا تنازعہ پر حیڈرا نے اپنا ردعمل ظاہر کیا اور بتایا کہ خاتون کی موت کا حیڈرا کی کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
شادنگر میں نامعلوم خاتون کی نعش دستیاب ‘سنسنی
حیدرآباد ۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) شادنگر کے علاقہ میں ایک نامعلوم خاتون کی نعش سے سنسنی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق شادنگر کورٹ کے قریب آبادی میں دستیاب خاتون کی نعش سے مقامی عوام میں خوف و بے چینی پیدا ہوگئی۔ پولیس نے مقام کا دورہ کیا اور کلوز ٹیم کو طلب کرکے تحقیقات انجام دی گئیں۔ پولیس کے مطابق شادنگر سرینواسا کالونی میں آبادی کے درمیان خاتون کی نعش دستیاب ہوئی جس کی عمر 35 تا 45 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔ پولیس کا خیال ہے کسی اور مقام پر قتل کے بعد نعش کو پلاسٹک کور میں لپیٹ کر پھینک دیا گیا۔ شادنگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع
غیرقانونی انجکشن کا ذخیرہ رکھنے والا شخص گرفتار
حیدرآباد ۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی اسپیشل زونل کرائم ٹیم نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو غیرقانونی طور پر میفائر مائن انجکشن کا ذخیرہ رکھتا تھا۔ زونل ٹیم نے کارروائی میں 22 سالہ سید عفان ساکن صابر نگر آصف نگر کو گرفتار کرلیا جو اے سی ٹیکنیشن بتایا گیا ۔ سی سی ایس ٹیم نے عفان کے قبضہ سے 150 میفا ٹرمائن سلفیٹ انجکشن ضبط کرلیا۔ پولیس نے ڈرگ انسپکٹر کے ساتھ یہ کارروائی کی۔ جم میں ورزش کرنے والے افراد اپنی جسمانی نشوونما کو بڑھانے اس انجکشن کا استعمال کرتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے خطرناک اور مضراثرات کا سبب بنتا ہے۔ اس انجکشن کو اہم معاملات میں بغیر ڈاکٹرس کے مشورے کے استعمال کی اجازت نہیں۔ اس خطرناک انجکشن کے ذخیرہ کو پولیس نے ضبط کرلیا۔ع