جرمنی اور نیدر لینڈز سے افغان شہریوں کی ملک بدری معطل

   

برلن : جرمنی اور نیدرلینڈز نے سیاسی پناہ حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے افغان شہریوں کو افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مدنظراپنے یہاں عارضی طور پر ٹھہرنے کی اجازت دے دی ہے۔جرمن وزارت داخلہ نے چہارشنبہ کے روز ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ افغانستان میں غیر مستحکم سکیورٹی صورت حال کے مدنظر افغان شہریوں کی ملک بدری عارضی طورپر روک دی ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے ساتھ ہی پورے ملک پر طالبان بڑی تیزی سے کنٹرول حاصل کرتے جارہے ہیں اور اب تک کئی صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک کے بہت بڑے حصے پر قبضہ کرچکے ہیں۔جرمن وزیر داخلہ نے کہا،’’جنہیں جرمنی میں رہائش کا کوئی حق نہیں ہے انہیں ملک چھوڑنا ہی ہوگا، لیکن ایک آئینی ریاست اپنی ذمہ داریوں کو بھی سمجھتی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے کہ ملک بدر کیے جانے والے افراد خطرات سے دو چار نہ ہو جائیں۔قبل ازیں جرمن وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ اسے لگتا ہے کہ سیاسی پناہ کے خواہش مند افغانوں کی ملک بدری اب بھی ممکن ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان اسٹیو الٹر نے چہارشنبہ کے روز بتایا کہ تقریباً 30 ہزار افغانوں کوجرمنی سے ملک بدر کیا جا نا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،’’وزارت کا اب بھی یہی نقطہ نظر ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں جرمنی سے جانا ہوگا، حتی الامکان جتنی جلد ممکن ہو۔