جرمنی میں ایرپورٹس کے سیکوریٹی ملازمین کی ہڑتال ، 640 پروازیں منسوخ

   

فرینکفرٹ ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جمعرات کے روز جرمنی کے تین ایرپورٹس پر سیکوریٹی اسٹاف کی ہڑتال کی وجہ سے تقریباً 640 پروازیں منسوخ کی گئیں جس کی وجہ سے ایک لاکھ مسافرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خصوصی طور پر ڈسلڈرف، کولون۔ بون اور اسٹٹگارڈ جانے والی پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔ ڈسلڈرف کو جرمن کا اعظم ترین ایرپورٹ کہا جاتا ہے۔ حکام نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نظام الاوقات کے مطابق جمعرات کو 580 پروازوں کے منجملہ 370 پروازوں کو منسوخ کیا گیا۔ سیکوریٹی اسٹاف کی اس ہڑتال نے ایک لاکھ مسافرین کے سفری منصوبوں کو درہم برہم کردیا۔ سیکوریٹی اسٹاف کا مطالبہ ہیکہ انہیں فی گھنٹہ 17 یوروز کی بجائے 20 یوروز فی گھنٹہ ادا کئے جائیں جس کا تناسب 18 فیصد ہوتا ہے جبکہ ایمپلائرس اسوسی ایشن بی ڈی ایل ایس نے دو تا آٹھ فیصد کے اضافہ کی پیشکش کی ہے۔ وردی اور بی ڈی ایل ایس کے درمیان اگلی بات چیت 23 جنوری کو ہوگی اور تب تک مسافرین کیلئے کیا متبادل انتظامات کئے گئے ہیں اس کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئی۔