بھاری رقومات کا حصول ، وائٹ پیپر جاری کرنے ہریش راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد :18 اکٹوبر ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ اوور سیز میان پاؤر کمپنی کی جانب سے نوجوانوں کو بیرون ممالک میں روزگار کی فراہمی میں ناکامی کا الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے اس سلسلہ میں ’سیاست ‘ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ٹام کام پر تنقید کی ۔ نوجوانوں کو بیرون ممالک میں روزگار کی فراہمی کے نام پر قائم کردہ اس ادارہ کی سرگرمیوں پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی حکومت نے سرکاری ادارہ ٹام کام کو ریاکٹ میں تبدیل کردیا ہے جس کے ذریعہ جرمنی میں روزگار کے نام پر بیروزگار نوجوانوں کو لوٹا جارہا ہے ۔ سیاست کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا ٹام کام کی جانب سے 15 اضلاع کے 70 تا 75 نوجوانوں سے فی کس 4.10لاکھ روپئے حاصل کئے گئے ۔ امتحان کے انعقاد ، ویزا اور دیگر اخراجات کے نام پر 4.5لاکھ روپئے حاصل کئے گئے لیکن گزشتہ دو برسوں سے ایک بھی امیدوار کو جرمنی روانہ نہیں کیا گیا ۔ 24امیدواروں نے اس سلسلہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شکایت کی ہے ۔ نوجو انوں کا کہنا ہے کہ وہ غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے ملازمت کیلئے مشکل سے رقم انتظام کیا ۔ ماں اور بہن کے زیورات کو رہن رکھتے ہوئے اور قرض کے ذریعہ رقم کا انتظام کیا گیا ۔ اس رقم پر وہ سود ادا کررہے ہیں ۔ امیدوار وں نے B1جرمن امتحان پاس کرلیا ہے اور انہیں B2 امتحان کی تیاری کی ہدایت دی گئی ۔ ہریش راؤ نے ٹام کام کی سرگرمیوں پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وزیر لیبر ویویک وینکٹ سوامی نے حال ہی میں ٹام کام کے نئے بیاچ کا آغاز کیا اور 70 نوجوانوں کو روزگار کا وعدہ کیا گیا جو ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے ۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے 2لاکھ ملازمتو ں اور جاب کیلنڈر کا وعدہ آخر کیا ہوا ۔1/S