جرمن شہریوں کی کثیر تعداد خوفزدہ

   

برلن : ایک تازہ عوامی سروے کے نتائج کے مطابق جرمنی کی تقریبآ نصف آبادی کو اگلے دس سال کے دوران صارفین کے طور پر اپنے حالات زندگی میں اب تک کے مقابلے میں ابتری کا خدشہ ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس تازہ عوامی جائزے کے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو دستیاب نتائج کی رو سے تقریباً ہر دوسرے جرمن باشندے کو اس حوالے سے خوف لاحق ہے کہ آج سے 2033ء تک کے دس سالہ عرصہ میں صارف کے طور پر اس کی زندگی موجودہ کے مقابلے میں ابتر اور زیادہ مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔ اس سروے کا اہتمام جرمنی میں صارفین کی تنظیموں کی وفاقی فیڈریشن vzbv کی طرف سے کرایا گیا اور اسے فورسا انسٹیٹیوٹ نے مکمل کیا۔ سروے میں حصہ لینے والے 48 فیصد بالغ رائے دہندگان نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ اگلی ایک دہائی کے دوران صارفین کے طور پر ان کی صورت حال موجودہ کے مقابلے میں بہتر ہونے کے بجائے خراب ہی ہو گی۔ اس سروے کا اہتمام وفاقی دارالحکومت برلن میں جرمن صارفین کے دن کی مناسبت سے کیا گیا تھا۔ اس کے لیے نومبر کی 6 سے لے کر 8 تاریخ تک ایک ہزار تین بالغ رائے دہندگان سے ان کی رائے لی گئی اور اس جائزے کے نتائج اب سامنے آئے ہیں۔