برلن : جرمن شہر کولون کے نواح میں ایک انٹرسٹی ٹرین پٹری کے پاس ہی کام کرنے والے مزدوروں کے ایک گروپ پر چڑھ گئی اور اس واقعہ میں کم از کم دو مزدور ہلاک ہو گئے۔ وفاقی جرمن پولیس کے مطابق یہ حادثہ شہر ہیْؤرتھ میں پیش آیا۔ کولون سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ جمعرات چار مئی کے روز قبل از دوپہر ساڑھے گیارہ بچے پیش آیا اور کم از کم دو انسانی اموات کی وجہ بننے والی انٹرسٹی ٹرین کولون سے کوبلینز جا رہی تھی۔ وفاقی جرمن پولیس کے کولون میں قائم دفتر کی ترجمان نے میڈیا کے بتایا کہ اس حادثہ میں پانچ مزدور زخمی بھی ہو گئے۔ فوری طور پر ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ دوسری طرف رائن اَیرفٹ کاؤنٹی میں، جہاں ہیْؤرتھ (Hürth) نامی شہر واقع ہے، پولیس کے مرکزی دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ کوبلینز کی طرف سفر کے دوران جب یہ مسافر ریل گاڑی ہیْؤرتھ کے شہری علاقہ سے گزر رہی تھی، تو وہاں کام کرنے والے مزدوروں کا ایک گروپ اس ٹرین کی زد میں آ گیا۔