برلن : وفاقی جرمن چانسلر اولاف شولز 4 مئی کے روز افریقہ کے اپنے دوسرے بڑے اور اہم دورے پر روانہ ہو گئے۔ ان کی پہلی منزل ایتھوپیا ہو گا۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ افریقی یونین کے مرکزی قائدین سے بھی ملیں گے۔ جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ دورہ اولاف شولز کا بطور چانسلر افریقی براعظم کا دوسرا دورہ ہے۔ وہ آج ہی پہلے ایتھوپیا پہنچیں گے، جہاں وہ حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ افریقی یونین کے قائدین سے بھی بات چیت کریں گے۔ آج جمعرات ہی کی شام چانسلر شولز ایتھوپیا سے کینیا روانہ ہو جائیں گے، جو مشرقی افریقہ میں جرمنی کا سب سے بڑا تجارتی ساتھی ملک ہے۔ چانسلر شولز کے اس دورے کے دوران ان کی افریقی قائدین سے ملاقاتوں میں مرکزی موضوعات مسلح تنازعات کے حل، امن دستوں کی تعیناتی، تحفظ ماحول اور گرین انرجی جیسے امور ہوں گے۔ اس دوران وہ افریقی قائدین کے ساتھ اپنی بات چیت میں یوکرین پر روسی فوجی حملہ کے ساتھ شروع ہونے والی روسی یوکرینی جنگ کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔