جزیرہ نما کوریا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود سفارتی کوششیں جاری

   

پیانگ یانگ ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے دفاعی نوعیت کے حالیہ تجربات کے بعد جزیرہ نما کوریا میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔ خطے کے لیے مقرر امریکی خصوصی مندوب اسٹیفن بنگن جاپان اور جنوبی کوریا کے دورے مکمل کرنے کے بعد اس وقت چین میں ہیں۔ وہ ان ممالک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ جزیرہ نما کوریا میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ابھی تک واضح نہیں کہ آیا امریکی مندوب پس پردہ شمالی کوریائی حکام کے ساتھ بھی رابطے استوار کیے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسٹیفن بنگن کی جانب سے مذاکرات کے نئے دور کو شروع کرنے کے بیانات کے جواب میں شمالی کوریا نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ کوریائی صورت حال پر اگلے ہفتے جاپان، جنوبی کوریا اور چین کے رہنماؤں کی ملاقات بھی ہونے والی ہے۔