جسم فروشی کا ریاکٹ بے نقاب8 افراد بشمول خاتون گرفتار

   

حیدرآباد۔ 27 جنوری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے جسم فروشی کے خلاف جاری کارروائی میں ایک اور ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور 8 افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جن میں دو کا تعلق ممبئی سے بتایا گیا ہے۔ سائبر آباد پولیس کی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ پولیس نے ایک اہم کارروائی میں 28 سالہ موہت ستپال گارگ دزاوین عرف کبیر ساکن اندھیری ممبئی 40 سالہ جے ساہا عرف جے عرف راہول ساکن تھانے مہاراشٹرا 38 سالہ، زنور عرف وشال ساکن بیگم بازار 38 سالہ، سہیل احمد عرف سہیل ساکن اپرپلی، 40 سالہ خلیل عرف سلمان ساکن ٹولی چوکی، 29 سالہ ایم سریکانت ساکن گچی باؤلی، 26 سالہ ملا نصرین ساکن گچی باؤلی، 38 سالہ مہدی داس متوطن مغربی بنگال کو گرفتار کرلیا۔ ویب سائٹس کے علاوہ مختلف سوشل میڈیا ذرائع پر اشتہارات کے ذریعہ یہ ٹولی جسم فروشی کا کاروبار کررہی ہے۔ گزشتہ سال ایک بڑے ریاکٹ کا پردہ فاش کرنے کے بعد سائبر آباد پولیس مسلسل بردہ فروشی اور جسم فروشی کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ اس ریاکٹ کے ذریعہ بین الاقوامی تعلقات کا پردہ فاش کیا گیا تھا جہاں روس اور ازبکستان سے لڑکیوں کو منتقل کرتے ہوئے ان کے ذریعہ جسم فروشی کا کاروبار کیا جارہا تھا۔ اس ٹولی کی جانب سے اس کاروبار کے لئے باضابطہ کال سنٹر چلایا جارہا تھا اور قدیم گراہکوں کے ذریعہ ہی کاروبار کو فروغ دیا جارہا تھا۔ واٹس ایپ کے ذریعہ گراہکوں کو لڑکیوں کی تصاویر روانہ کی جاتی ہیں اور لڑکی پسند کرنے کے بعد ان کے پسندیدہ مقام پر انہیں روانہ کیا جاتا ہے۔ اکثر ہوٹلس اور او یو رومس میں جسم فروشی کا کاروبار جاری تھا۔ لڑکیوں کو ملک کی مختلف ریاستوں سے منتقل کرتے ہوئے ان سے جسم فروشی کروائی جارہی تھی اور اس جسم فروشی کے لئے کال سنٹر کو حیدرآباد سے چلایا جارہا تھا۔ اس ٹولی کے خلاف 4 مقدمات درج ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے متعلق مزید تحقیقات کو جاری رکھا گیا ہے۔ ع