جسٹس یو یو للت نئے چیف جسٹس آف انڈیا مقرر

,

   

نئی دہلی: صدر جمہوریہ شریمتی دروپدی مورمو نے چہارشنبہ کو جسٹس یو یو للت کو 49ویں چیف جسٹس آف انڈیا مقرر کیا اور یہ تقرر 27 اگست 2022ء سے شمار کیا جائے گا۔ 3 اگست کو چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کے سکریٹریٹ کو مرکزی وزیر قانون اور انصاف کرن رجیجو سے ایک پیام وصول ہوا تھا جس میں ان سے اپنے جانشین کے نام کی سفارش کرنے کی درخواست کی گئی۔ اگلے ہی روز سی جے آئی رمنا نے مرکزی حکومت کو جوابی مکتوب تحریر کیا اور جسٹس للت کے نام کی سفارش کی۔ جسٹس للت سپریم کورٹ کے دوسرے سینئر ترین جج ہیں۔ سی جے آئی رمنا نے روایت کے مطابق عمل کرتے ہوئے اپنے جانشین کا نام پیش کیا۔ سی جے آئی رمنا 26 اگست 2022ء کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ جسٹس للت ایسے دوسرے سی جے آئی بن رہے ہیں جنہیں بار سے ترقی دیتے ہوئے سیدھے سپریم کورٹ کے اعلی منصب پر سرفراز کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل جسٹس ایس ایم سیکری کو پہلی بار یہ اعزاز ملا تھا جب وہ جنوری 1971ء میں 13 ویں سی جے آئی بنے تھے۔