حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : حیدرآباد آرٹس اینڈ کلچرل کمیونٹی اور شانگریلا کے ادبی فورم نے 11 نومبر کو برلا سائنس سنٹر حیدرآباد میں تیسرے سالانہ جشن اردو فیسٹیول کا انعقاد کیا ۔ اس تقریب میں بہت سے لوگوں نے شرکت کی اور اس کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہوئے ۔ تقریب میں نوجوان فنکاروں اور مشہور شخصیات نے اردو ادب کی مختلف شکلیں پیش کیں ۔ یہ ایک انتہائی خوبصورت شام تھی جس میں داستان گوئی ، محفل مشاعرہ شام غزل پیش کی گئی ۔ جناب سید رفیع الدین صفدر محفل مشاعرہ کے صدر تھے جس میں اقبال اشعر ، لتا حیا ، سردار سلیم جیسے بین الاقوامی شہرت کے حامل شعرا نے شرکت کی ۔ مشاعرہ میں ریاست علی اسرار ، ذکی حیدر ، فیض جنگ ، عمر عبدالباری ، سروجنا ستیہوادا اور وکرم توتلانی جیسے نوجوان شاعروں کو بھی اپنا کلام پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ مشاعرہ کی نظامت ڈاکٹر سید شفیع الدین اعجاز نے کی اور مشاعرہ شاندار رہا ۔ ذکی حیدر نے داستان گوئی پیش کی اور حاضرین ان کی کہانی اخری بریانی سے مسحور ہوگئے ۔ حیدرآباد میں غزلوں کے بادشاہ استاد صابر حبیب نے تقریب میں پرفارم کیا اور اپنی سریلی آواز میں اردو کی بہترین غزلیں پیش کیں ۔ چونکہ یہ مولانا ابوالکلام آزاد کا یوم پیدائش تھا جسے قومی یوم تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو تعلیم کے میدان میں ان کی مخلصانہ اور وقف خدمات کے لیے اعزازات سے نوازا گیا ۔ جناب بشیر الدین ، جناب مقبول احمد ، جناب انور الباقی ، جناب رؤف ریحان اور جناب تنظیم احمد کو ایوارڈز دئیے گئے ۔ ڈاکٹر سید شفیع الدین اعجاز اور فیض جنگ نے سب کی موجودگی اور تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔ اس طرح یہ تقریب کامیاب طریقہ سے اختتام کو پہونچی ۔۔