جعلی اسنادات کا ریاکٹ بے نقاب، 7 افراد گرفتار ، 2 خواتین شامل

   

حیدرآباد/24 جنوری، ( سیاست نیوز) جعلی سرٹیفکیٹ کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے رچہ کنڈہ پولیس نے ایک سات رکنی ٹولی بشمول دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر دیویندر سنگھ چوہان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون اور چیتنیہ پوری پولیس نے 51 سالہ سی وینکٹیشورلو ساکن شمس آباد،28 سالہ نوین کمار ساکن اپرپلی ، 45 سالہ جوتی ریڈی ساکن اپرپلی، 26 سالہ جی ویشالی ساکن چنگی چرلہ اور 25 سالہ اے کمار ساکن چیتنیہ پوری، 23 سالہ بی کلیان ، 50 سالہ ایس وجئے کمار ساکن زیبا باغ کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ روی اویناش ساکن ورنگل مفرور بتایا گیا ہے۔پولیس کے مطابق اویناش ورنگل کمشنریٹ کے تین مقدمات میں ملوث ہے۔ ٹولی نے تاحال 100 سے زائد طلبہ کو جعلی سرٹیفکیٹ فراہم کئے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ وینکٹیشورلو سابق میں دو کالجس 2010 تا 2017ویگنان کالج اور 2013 تا 2017 بالاجی کالج معین آباد اور حمایت نگر چلایا کرتا تھا۔ معاشی پریشانی کے سبب اس نے کالجس کو بند کردیا تھا اور رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کررہا تھا۔ اس دوران اس کی پہچان اویناش سے ہوئی جو جعلی سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کا سرغنہ ہے۔ اویناش و وینکٹیشورلو نے منصوبہ بناکر جعلی سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کا آغاز کیا اور فی امیدوار 3 تا ساڑھے تین لاکھ روپئے لے رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ وینکٹیشورلو اور اویناش درمیانی افراد کی مدد سے امیدواروں کو ان کی طلب کے مطابق جعلی سرٹیفکیٹ فراہم کررہے تھے۔ پولیس نے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ ع