جعلی ہندوستانی پاسپورٹ بنانے والے پانچ سری لنکائی باشندے گرفتار

   

چینائی :سری لنکائی تمل پناہ گزینوں کے خاندان کے پانچ افراد کو تمل ناڈو کے مضافاتی علاقے پورور میں مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کی بنیاد پر ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔پولس نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آوڑی پولیس کمشنر سندیپ رائے راٹھور نے پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ اے ۔ جیرالڈکلیگیس(49) نامی سری لنکن شہری، جو اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ رہ رہا تھا، نے جعلی ووٹر آئی ڈی اور آدھار کارڈ جمع کر کے ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ جیرالڈ اور اس کا خاندان 2007 میں سری لنکا سے چنئی آئے تھے اور پورور میں رہ رہے تھے ۔ اس نے اعتراف کیا کہ کینیڈا ہجرت کرنے کے ارادے سے اس نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر اپنا آدھار کارڈ اور پین کارڈ حاصل کیا اور اس کی بنیاد پر اس نے اپنے بچوں میری جینسیکا، ریجنالڈ اور میری سانچیکا کے ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کئے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں کے بارے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے ۔