جـــرائــــم و حـــادثــات

   

حبیب نگر میں ایک شخص کا قتل
حیدرآباد /18 ستمبر ( سیاست نیوز ) حبیب نگر کے علاقہ میں ایک ضعیف شخص کا مشتبہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ اس واردات کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ 66 سالہ خواجہ نظام الدین گذشتہ روز سے پراسرار طور پر لاپتہ تھے ۔ ان کی گمشدگی کی شکایت نامپلی پولیس میں کرائی گئی ۔ اور پولیس انہیں تلاش کر رہی تھی ۔ جو شدید زخمی حالت میں انڈین بیکری حبیب نگر حدود میں پائے گئے ۔ پولیس حبیب نگر نے نظام الدین کے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے ۔ خواجہ نظام الدین اے بیاٹری لائن علاقہ کے ساکن تھے جو کل رات آفس جانے کیلئے اپنے مکان سے نکلے تھے جو واپس نہیں لوٹے اور ان کی تلاش جاری تھی ۔ حبیب نگر پولیس نے بتایا کہ تین افراد کو خواجہ نظام الدین کے قتل کے شبہ میں حراست میں لے لیا ہے اور ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ ع
گنیش جلوس سے واپسی کے دوران جھگڑا طالب علم کا قتل
حیدرآباد /18 ستمبر ( سیاست نیوز ) گنیش جلوس سے واپسی کے دوران جھگڑا ایک طالب علم کے قتل کا سبب بن گیا ۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق گذشتہ روز 17 سالہ دھیرج پڑوسی کے حملہ میں فوت ہوگیا ۔ اس حملہ میں دھیرج کا ایک ساتھی پرساد بھی شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھیرج وارثی گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ جو 16 ستمبر کی رات اپنے ساتھی پرساد کے ساتھ گنیش جلوس میں شرکت کے بعد واپس ہو رہا تھا کہ وجئے نامی شخص سے ان کا جھگڑا ہوا وجئے نے شدید گالی گلوج کی دھیرج نے اس بات کی اطلاع اپنے رشتہ دار بھائی کو دی اور تینوں مل کر وجئے سے بات چیت کیلئے پہونچے جہاں وجئے نے ان پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں پرساد اور دھیرج شدید زخمی ہوگئے اور دھیرج فوت ہوگیا ۔ پولیس مشیرآباد نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
سڑک حادثہ میں خاتون ہلاک
حیدرآباد /18 ستمبر ( سیاست نیوز ) بچی کو اسکول ڈراپ کرنے کے بعد مکان واپس ہو رہی ایک خاتون سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئی ۔ ناچارم پولیس حدود میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ جہاں سنیتا نامی خاتون کو گیس سلینڈر سے لدی لاری نے ٹکر دے دی ۔اس حادثہ میں سنیتا ہلاک ہوگئی ۔ جس کی عمر تقریباً 35 سال بتائی گئی ہے ۔ ایم ایم ٹی گیٹ کے قریب یہ حادثہ پیش آیا ۔ سنیتا گھر پر اپنے دو بچوں کو چھوڑ کر بچی کو اسکول لے گئی تھی اور بچی کو اسکول چھوڑنے کے بعد واپس ہو رہی تھی کہ یہ خوفناک حادثہ پیش آیا ۔ جہاں سنیتا برسر موقع ہلاک ہوگئی ۔ حادثہ کے مقام پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر عوام نے شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ پولیس ناچارم مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
دو بہنوں کے درمیان جھگڑا ، ایک بہن کا قتل
حیدرآباد /18 ستمبر ( سیاست نیوز ) سکندرآباد کے علاقہ میں بہن کے ہاتھوں بہن کے قتل کی سنگین واردات پیش آئی ۔ گوپال پورم پولیس کے مطابق 23 سالہ سید حسنا جو سید فیاص کی بیوی تھی ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے فٹ پاتھ پر زندگی بسر کرتی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق حسنا نے دو دن قبل ایک لڑکی کو جنم دیا تھا ۔ حسنا کا اس کی بہن ہاجرہ سے جھگڑا چل رہا تھا ۔ ہاجرہ کا شوہر پون اکثر حسنا سے ملاقات کرتا تھا اور اس بات پر ہاجرہ کو سخت اعتراض تھا اور اس مسئلہ پر حسنا سے اس کا جھگڑا چل رہا تھا 15 ستمبر کے دن ہاجرہ حسنا کے یہاں پہونچی اور اس کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا جس کے سبب وہ زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ ع
میڑچل میں قاتلانہ حملہ سے کشیدگی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد کے علاقہ میڑچل میں قاتلانہ حملے کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ جہاں کشٹا پور کے سائی نگر علاقہ میں نامعلوم اشرار نے مکان میں داخل ہو کر دو افراد کا گلا کاٹ دیا اور فرار اختیار کرلی ۔ مقامی افراد کی اطلاع پر میڑچل پولیس فوری موقع واردات پہونچی اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ع

بدنام زمانہ سارقوں کی ٹولی بے نقاب
پانچ افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سنٹرل کرائم اسٹیشن راجندر نگر پولیس نے بدنام زمانہ سارقوں کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 33 سالہ جی سدھاکر عرف سائی عرف سلمان عرف کاکا عرف ڈینجر عرف انٹونی 22 سالہ بی سیامن 20 سالہ ایس سالونکی عرف سنی ، 31 سالہ امرجیت سنگھ عرف امر ، 30 سالہ جی سریش عرف سوریہ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سدھاکر عادی مجرم ہے اور بدنام زمانہ سارق ہے ۔ موٹر سیکلوں کا سرقہ کرنے کے علاوہ اس نے گھر میں سرقہ کی کئی وارداتیں انجام دیں اور 50 سے زائد معاملات میں ملوث ہے اور کئی مرتبہ جیل کی سزا کاٹ چکا ہے ۔ آصف نگر پولیس کی جانب سے اس کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا استعمال بھی کیا گیا تھا ۔ جیل میں قید کے دوران سدھاکر کی ملاقات سیامن اور سالونکی سے ہوئی اور انہوں نے امر جیت سنگھ کو بھی اپنی سازش میں شامل کرتے ہوئے جیل میں وارداتیں انجام دینے کا منصوبہ بنایا جس کے بعد اپنے منصوبہ کے تحت امرجیت نے جو سیامن اور سالونکی کا بھی ساتھی ہے اس نے ملزم نمبر 5 سریش سے رابطہ کیا جو اصل سرغنہ سدھاکر کا بھائی ہے ۔ انہوں نے جیل سے رہائی کے بعد وارداتوں کو انجام دینا شروع کیا ۔ پولیس کے مطابق سی سی ایس راجندر نگر اور راجندر نگر پولیس کی مشترکہ کارروائی میں اس ٹولی کو بے نقاب کردیا گیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 35 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ یہ ٹولی 5 وارداتوں میں ملوث پائی گئی ۔ رائے درگم پولیس حدود میں ایک راجندر نگر اور پیٹ بشیر آباد پولیس حدود میں دو ، دو وارداتیں انجام دی گئیں ۔۔ ع

باوثوق ذرائع کے مطابق زخمیوں کی شناخت پون کمار اور سنتوش کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ اشرار کا تعلق ریاست بہار سے ہونے کے شبہات پائے جاتے ہیں ۔ مقامی افراد سے بات چیت اور ابتدائی تحقیقات کے بعد میڑچل پولیس نے اپنا تاثر پیش کیا اور حملہ آور اشرار کی تلاش شروع کردی ۔۔ ع