نقلی ایپل فونس ، گھڑیاں اور آئی پاڈس فروخت کرنے والی ٹولی گرفتار
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد آر جی آئی اے پولیس نے چھ رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے نقلی ایپل فونس ، گھڑیاں اور آئی پاڈس ضبط کرلیے ۔ شمس آباد اے سی پی سریکانت گوڑ نے میڈیا کو بتایا کہ پی ہری ناتھ 31 سالہ ساکن حیات نگر 26 اپریل کو شمس آباد کے موضع کشن گوڑہ کے قریب رات 10 بجے کے قریب ٹہرا ہوا تھا اس وقت اسکوٹی پر دو نامعلوم افراد آئے اور دعوی کیا کہ ان کے پاس ایپل فونس ، گھڑیاں اور آئی پاڈس بے حد کم قیمت پر ہے ۔ جس پر وہ یقین کرتے ہوئے انہیں 33 ہزار روپئے آن لائن ادا کئے اور اس کے بعد مزید 18 ہزار روپئے بھی آن لائن کیے ۔ جس کے بعد اسے فون دیا گیا تب اس نے دیکھاکہ نقلی ایپل فون ہے ۔ اسے دھوکہ دے کر اس کے پاس سے 51 ہزار روپئے حاصل کرلیے گئے ۔ جس کے بعد متاثرہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد اترپردیش کے غازی آباد کی چھ رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور دیگر تین افراد مفرور بتائے گئے ۔ گرفتار افراد میں 29 سالہ محمد انس ، 26 سالہ محمد فرحان ، 26 سالہ محمد عبدالرحمن ، 24 سالہ محمد جنید ، 41 سالہ محمد وسیم اور 36 سالہ محمد شعیب قریشی شامل ہیں ۔ جب کہ مفرور ملزمین میں دانش احمد ، محمد شاکب اور روی کملیش گپتا شامل ہیں ۔ اے سی پی نے بتایا کہ ملزمین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دو نقلی اپیل فونس ، 14 نقلی گھڑیاں ، 14 نقلی ایپل ایر پاڈس اور دو بائیکس کو ضبط کرتے ہوئے عدالتی تحویل بھیج دیا اور تین مفرور افراد کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ اس موقع پر آر جی آئی اے انسپکٹر بی سنجیو اور ڈی آئی پون کمار اور دیگر اہلکار موجود تھے ۔۔ ش m/b
توجہ ہٹاکر شہریوں کو لوٹنے والا دھوکہ باز عادی مجرم گرفتار
موبائل فونس ضبط ، بینک کھاتہ منجمد ، ڈی سی پی خیریت آباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 29 اپریل(سیاست نیوز) سلطان بازار پولیس نے توجہ ہٹاکر شہریوں کو لوٹنے اور دھوکہ دینے والے ایک عادی مجرم کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس خیریت آباد شلپا ویلی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 31 سالہ راما راؤ عرف شری رام ساکن سکندرآباد متوطن آندھرا پردیش کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے شری رام کے قبضہ سے دو موبائل فون اور 2,40,000 روپئے بینک اکاؤنٹ کو منجمد کردیا۔ ڈی سی پی کے مطابق 22 اپریل کو ایک خاتون نے شکایت کی تھی۔ خاتون انیتا جو سکندرآباد علاقہ کی ساکن ہے، ایس بی آئی کے اے ٹی ایم پہونچی تھی۔ خاتون ایک لاکھ روپئے بینک میں جمع کرنے گئی تھی۔ کچھ ٹیکنیکل خامیوں کے سبب خاتون بینک میں رقم جمع نہیں کرپائی اور اس دوران خاتون شری رام کا شکار بنی۔ گرفتار عادی مجرم جو اکثر بینک اے ٹی ایم سنٹرس بالخصوص رقم جمع کرنے والے اے ٹی ایم سنٹرس پر نظر رکھتا تھا، بینک میں رقم جمع کرنے والے افراد کو نشانہ بنایا کرتا تھا۔ بینک کھاتے میں رقم جمع کرنے والوں کو اپنی دھوکہ دہی کا شکار بناتا تھا اور انہیں نقد رقم کے عوض اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنے کی پیشکش کرتا تھا اور فرضی میسیج دکھایا کرتا تھا۔ این ای ایف ٹی اکاؤنٹ کا حوالہ دیا کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں دھوکہ دہی کے کئی معملات میں ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق راجہ مہیندرورم، ملک پیٹ، جیڈی میٹلہ، بوئن پلی، کریم نگر II ٹاؤن، میاں پور اور سلطان بازار کے واقعات میں بھی ملوث پایا گیا۔پولیس کے مطابق اس نے تازہ 8 معاملات کو انجام دیا۔ جبکہ سال 2018ء تا 2025ء تک اس نے 73 وارداتوں کو انجام دیا۔ کوکٹ پلی پولیس نے سال 2019ء میں شری رام کو گرفتار کیا تھا۔ پھر وہ سال 2022ء میں سلطان بازار اور سال 2024ء میں مدھورا نگر پولیس کے ہاتھوں بھی گرفتار ہوا تھا۔ ع
خاتون کو ہراساں کرنے والے شوہر اور ساس کو سزا اور جرمانہ
حیدرآباد۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) گھریلو تشدد کے معاملہ میں شہر کی ایک عدالت نے اہم فیصلہ سنایا۔ شوہر اور ساس کو سزا کا مستحق قرار دیتے ہوئے یہ فیصلہ نامپلی کی عدالت نے سنایا۔ ذرائع کے مطابق سال 2015 میں راجندر نگر ویمن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شبانہ بیگم نامی خاتون کو شوہر کی ہراسانیوں کا سامنا تھا۔ پہاڑی شریف علاقہ سے تعلق رکھنے والی شبانہ بیگم کی شادی چندرائن گٹہ سے تعلق رکھنے والے انور پاشاہ سے سال 2014 میں ہوئی تھی۔ 60 ہزار نقد رقم، 10 تولہ سونا، 30 تولہ چاندی، 5 لاکھ روپے مالیتی گھریلو اشیاء دی گئی تھی۔ شادی کے چند روز بعد سے زائد جہیز کا مطالبہ کیا گیا اور شبانہ بیگم کو شدید ہراساں کیا جانے لگا۔ ان ہراسانیوں سے تنگ آکر خاتون نے راجندر نگر ویمن پولیس میں شکایت کی تھی۔ گھریلو تشدد کے اس معاملہ میں پبلک پراسیکیوٹر انیتا دیشمکھ نے عدالتی کارروائی انجام دی جس کے بعد 15 ویں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے اپنا فیصلہ سنایا۔ شبانہ بیگم کی ساس کو ایک سال اور شوہر کو 5 سال کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔ ع؍F
خاتون کی صبح کے وقت دوڑ ، ایک شخص کی نازیبا حرکت پر پولیس میں شکایت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : نارسنگی کے سائیکل ٹریک پر ایک نامعلوم شخص فحش حرکات میں مصروف تھا ۔ جس کی شکایت ایک خاتون نے نارسنگی پولیس اسٹیشن میں کی ۔ پولیس نے بتایا کہ صبح کی دوڑ میں مصروف ایک خاتون پول HPS-852 کے قریب دوڑ رہی تھی اس وقت ایک شخص نے اپنے کپڑے اتارا اور غیر اخلاقی حرکت کی جس سے خاتون کو بے حد تکلیف پہنچی اور اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی جب اس شخص نے دیکھا کہ یہ خاتون اپنے موبائل فون میں اس کی ریکارڈنگ کررہی ہے تو وہ وہاں سے فرار ہوگیا ۔ اس خاتون نے پولیس میں شکایت کرتے ہوئے موبائل فون سے کی گئی ریکارڈنگ بھی پولیس کو پیش کی ۔ شکایت درج کرنے کے بعد پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے اس شخص کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس خاتون نے یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر بھی پوسٹ کیا جس کے بعد سائبر آباد کمشنر ایم رمیش نے بتایا کہ جب یہ ویڈیو دیکھاگیا جس کے بعد اس نامعلوم شخص کی شناخت اور گرفتاری کے لیے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ۔ خصوصی ٹیموں نے دیکھا کہ موقع پر کوئی سی سی ٹی وی کیمرے نہیں ہیں ۔ جس کے بعد یہ خصوصی ٹیمیں دیگر مقامات کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کررہے ہیں جس سے اس شخص کا پتہ لگایا جاسکے ۔ کمشنر رمیش نے تیقن دیا کہ وہ بہت جلد اس شخص کی گرفتاری کو یقینی بنائیں گے اور خواتین کی حفاظت کے لیے مزید سخت اقدامات کریں گے ۔۔ ش m/b
چیف منسٹر سے راست ملاقات کروانے کا دعویٰ کرنے والا کانسٹبل گرفتار
نقلی پولیس کے خلاف اصلی پولیس کی کارروائی ، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کا اقدام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر تلنگانہ سے راست میٹنگ کروانے کا دعویٰ کرنے والے نقلی پولیس کو اصلی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جس نے سکریٹریٹ سے ایک ویڈیو جاری کیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد شدید تنقیدوں اور الزامات کا سامنا کرنے والی پولیس نے از خود کارروائی کرتے ہوئے 31 سالہ روی عرف چرن یادو عرف نکھل یادو ساکن عنبر پیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ یادو پیشہ سے ہوٹل ورکر ہے اس نے 26 اپریل کی شام تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطہ سے ایک ویڈیو تیار کیا ۔ جو پولیس یونیفام میں موجود تھا اور چیف منسٹر سے راست ملاقات کروانے کا دعویٰ کررہا تھا ۔ پولیس کے مطابق آج اس کو گرفتار کرلیا گیا اور بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس کے مطابق روی پہلے گوشہ محل علاقہ میں واقع ایک کینٹین میں کام کرتا تھا ۔ اس نے حالیہ دنوں عنبر پیٹ علاقہ سے ایک کٹ کی خریداری کی تھی ۔ پولیس نے روی کے قبضہ سے پولیس یونیفارم جنگلاتی یونیفارم ، بیرٹ کیاپ ، کھائی کیاپ و دیگر اشیاء کو ضبط کیا ۔۔ ع m/b
تلنگانہ سکریٹریٹ میں سیکوریٹی کی خامیاں ، سیاسی حلقوں میں ہلچل
حیدرآباد۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ میں سیکوریٹی خامیاں پھر ایک بار منظر عام پر آگئیں۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ دھوکہ بازوں اور غیر مجاز افراد کے لئے سکریٹریٹ کی آڑ میں اپنی سرگرمیاں انجام دینا آسان ہوگیا۔ کبھی کوئی فرضی ریونیو عہدیدار اور سرکاری ملازم کا رول ادا کرسکتا ہے تو کبھی پولیس کے اس طرح ایک سنسنی خیز واقعہ منظر عام پر آیا جہاں ایک شخص پولیس کی وردی میں یہ کہتا ہوا دکھائی دیتا ہے کہ وہ چیف منسٹر سے ملاقات کروا سکتا ہے۔ اگر کسی کو چیف منسٹر سے ملاقات کرنے کی خواہش ہے تو وہ راست اس سے رابطہ کریں۔ پولیس کی وردی میں موجود سکریٹریٹ میں تیار کی گئی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر سنسنی کا سبب بنی ہوئی ہے۔ ریل کے منظر عام پر آنے کے بعد نیند سے جاگی پولیس سیف آباد نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ انیل یادو نامی شخص کے اکاؤنٹ سے یہ ویڈیو شیئر کی گئی۔ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی سے ملاقات کے خواہش مند افراد کو مشورہ دینے پولیس کی وردی میں یہ شخص سکریٹریٹ تک کس طرح پہنچا، کیا سیکوریٹی عملہ نے اس کی جانچ نہیں کی یا پھر کوئی سیکوریٹی عملہ اس سے ملا ہوا ہے۔ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سکریٹریٹ سیکوریٹی میں خامیوں کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے۔ اس واقعہ پر تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ ع؍F
موٹر سائیکلوں کا سارق گرفتار ، مسروقہ گاڑیاں ضبط
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : چارمینار پولیس نے موٹر سائیکلوں کا سرقہ کرنے والے ایک سارق کو گرفتار کرلیا۔ چارمینار پولیس کے مطابق محمد نعیم خاں عرف محمد سلمان عرف سلمان عمر 26 سال ساکن شیر گلی کنگ کوٹھی کو گرفتار کرلیا ۔ زندگی کے گذر بسر کے لیے نعیم راپیڈو چلایا کرتا تھا جس نے موٹر سیکلوں کا سرقہ کرنا بھی شروع کردیا ۔ چارمینار پولیس کی کرائم ٹیم اس سارق کو کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے تین ہونڈا ایکٹیوا گاڑیوں کو ضبط کرلیا ۔۔ ع m/b
عریاں ویڈیو کال کے جال میں پھنسا کر سافٹ ویر انجینئر کو لوٹنے کا واقعہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : عریاں ویڈیو کال کے ذریعہ جال میں پھنساکر ایک شاطر لڑکی نے سافٹ ویر انجینئر کو لوٹ لیا ۔ حیدرآباد میں ڈیٹنگ ایپ دھوکہ دہی کا ایک واقعہ منظر عام پر آیا ۔ ملکاجگیری پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے اس واقعہ پر سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سافٹ ویر انجینئر کی ڈیٹنگ ایپ کے ذریعہ ایک لڑکی سے پہچان ہوئی ، لڑکی دراصل دھوکہ باز تھی جو منصوبہ بند طریقہ سے نوجوان اور عمر رسیدہ افراد کو اپنے جال میں پھانس رہی تھی اس نے سافٹ ویر انجینئر سے ویڈیو کال پر بات کرنے کی خواہش کی ، عریاں ویڈیو کال کرنے والی شاطر لڑکی نے سافٹ ویر انجینئر کو جسم دیکھا کر انجینئر کو پھانس لیا اور اس ویڈیو کالنگ کی ریکارڈنگ کرلی اور پھر سافٹ ویر انجینئر کو ایک لنک روانہ کیا جیسے ہی اس ملازم نے لنک پر کلک کیا اس کی ساری کال لسٹ لڑکی کے یہاں چلی گئی ۔ اس ویڈیو کو عام کرنے کی دھمکی دے کر شاطر لڑکی نے سافٹ ویر انجینئر کے ڈھائی لاکھ روپئے لوٹ لیے اور پھر دھمکانے لگی جس کے بعد سافٹ ویر انجینئر نے پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔۔ ع m/b