جــــرائــــم و حـــادثــات

   

متبنیٰ بیٹے کے ہاتھوں ماں کا قتل
حیدرآباد 22 اگست (سیاست نیوز) جیڈی میٹلہ کے علاقہ میں گود لئے گئے بیٹے نے ماں کا قتل کردیا۔ اس واقعہ سے قطب اللہ پور علاقہ میں سنسنی پھیل گئی جہاں 61 سالہ خاتون جیہ اماں کا اس کے متبنیٰ بیٹے نے حملہ کرتے ہوئے قتل کردیا۔ جیہ اماں قطب اللہ پور علاقہ کے ساکن سوامی کی بیوی تھی۔ سوامی واٹر ورکس میں چھوٹی سطح کا کنٹراکٹر بتایا گیا ہے۔ سوامی اور جیہ اماں کو 5 لڑکیاں پیدا ہوئی تھیں جنھوں نے وارث کی فکر میں 2 ماہ کی عمر میں بچے کو گود لیا تھا اور اس کا نام وینو کمار رکھا جس کی عمر 33 سال بتائی گئی ہے۔ بچہ کو گود لینے کے دو سال بعد انہیں لڑکا پیدا ہوا جس کا نام ونود کمار رکھا گیا جس کی عمر 31 سال بتائی گئی ہے جو تقریباً دیڑھ سال سے لاپتہ ہے۔ وینو کمار چند برسوں سے کام کاج چھوڑ دیا اور شراب کے نشے کا عادی بن گیا اور اس نے قرض بھی حاصل کیا تھا جس کو 4 لاکھ روپئے کا قرض ہے۔ جیڈی میٹلہ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔ وینو کمار کی حرکتوں سے تنگ آکر اس کی بیوی بچوں کو لے کر مائیکے چلی گئی تھی۔ کل وینو کمار نشہ کی حالت میں گھر پہونچا اور اس نے قرض کی ادائیگی کے لئے جیہ اماں سے رقم مانگی۔ خاتون سے پیسوں کے مسئلہ پر جھگڑا کرتے ہوئے اس نے وزنی شئے سے ماں پر حملہ کردیا جس کے سبب خاتون برسر موقع ہلاک ہوگئی اور وہ فرار ہوگیا۔ پولیس جیڈی میٹلہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

حیات نگر میں سڑک حادثات، تین افراد بشمول خاتون ہلاک
حیدرآباد 22 اگست (سیاست نیوز) حیات نگر پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 14 سالہ جسونت راؤ جو طالب علم تھا، کرمن گھاٹ علاقہ کے ساکن گوردھن راؤ کا بیٹا بتایا گیا ہے جسونت کل رات اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر حیات نگر سے ایل بی نگر کی جانب جارہا تھا کہ ایک کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔ جسونت کی موٹر سائیکل کو کار نے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ فوت ہوگیا۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ خاتون نرہری شٹی وجئے لکشمی جو جمی گڈہ کشائی گوڑہ علاقہ کے ساکن پانڈو رنگا راؤ کی بیوی تھی، 21 اگست کو حیات نگر کی جانب پیدل جارہی تھی کہ ایک کار کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگئی جسے فوری 108 ایمبولنس کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگئی۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 25 سالہ ایس مہیش جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، ڈنڈو ملکاپور یادادری کا ساکن تھا، مہیش کل حیات نگر سے اپنے گھر موٹر سائیکل پر واپس ہورہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں وہ آج فوت ہوگیا۔ ع

بالاپور میں نوجوان طالب علم کا بہیمانہ قتل
علاقہ میں غیر سماجی عناصر کی مجرمانہ سرگرمیوں سے عوام پریشان
حیدرآباد 22 اگست (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ بالاپور میں ایک نوجوان طالب علم کا قتل کردیا گیا۔ حالیہ دنوں میں اس علاقہ کے جرائم میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے اور آئے دن مجرمانہ سرگرمیوں کی وارداتوں سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ قتل کی اطلاع کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر پولیس مہیشورم زون سنیتا مقام واردات پہونچ گئیں اور حالات کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک مندی ریسٹورنٹ کے قریب یہ واردات پیش آئی جہاں 28 سالہ پرشانت کا قتل کردیا گیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ قاتلوں اور قتل کی وجوہات کا فوری پتہ نہ چل سکا۔ پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے قاتلوں کا تعاقب جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ پان شاپ کے قریب چار افراد سگریٹ نوشی کررہے تھے جن میں مقتول پرشانت بھی شامل تھا، اچانک ان کے درمیان جھگڑا ہوا اور چاقوؤں سے پرشانت پر حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا گیا۔ پرشانت سرور نگر میں واقع انجینئرنگ کالج کا طالب علم تھا۔ بالاپور پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ ع

شوہر سے جھگڑے کے بعد
بیوی کی خودسوزی
حیدرآباد 22 اگست (سیاست نیوز) شوہر سے جھگڑے کے بعد ایک خاتون نے خودسوزی کرلی۔ یہ واقعہ حیات نگر پولیس حدود میں پیش آیا۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 21 سالہ سری وانی جو امبیڈکر نگر علاقہ کے ساکن ناگا راجو کی بیوی تھی، سری وانی نے شوہر سے جھگڑے کے بعد ڈیزل جسم پر چھڑک کر آگ لگالی جسے فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران خاتون کل رات فوت ہوگئی۔ سری وانی کی شادی سال 2020 ء میں ناگا راجو سے ہوئی تھی اور ان کا ایک 18 ماہ کا بیٹا اور تین ماہ کی بیٹی ہے۔ اکثر میاں بیوی کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے اور ان کے درمیان افراد خاندان نے بات چیت کروائی تھی اور اس کے بعد بھی جھگڑے سے دلبرداشتہ ہوکر خودسوزی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

بیٹے کی ضد اور نافرمانی سے دلبرداشتہ ماں کی خودکشی
حیدرآباد 22 اگست (سیاست نیوز) بیٹے کی ضد اور نافرمانی سے تنگ آکر ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ ونستھلی پورم پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 39 سالہ پی مہیشوری جو انجاپور عبداللہ پور میٹ علاقہ کے ساکن لکشمن چاری کی بیوی تھی، اس خاتون نے کل اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق مہیشوری کے دو بیٹے ہیں، ایک بیٹا وجئے کمار کالج نہیں جارہا تھا اور کئی مرتبہ سمجھانے کے باوجود وہ اکثر کالج نہیں جاتا تھا اور ماں کی کوئی بات پر عمل نہیں کرتا تھا۔ بیٹے کی بے رخی اور نافرمانی سے دلبرداشتہ ہوکر مہیشوری نے خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع