جموں : شدید گرمی کے بیچ سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ جل شکتی کے یومیہ اُجرت پانے والوں نے جموں میں احتجاجی ریلی نکالی جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ چہارشنبہ کے روز محکمہ جل شکتی میں تعینات یومیہ اُجرت پانے والوں نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی ریلی نکالی اور توے پل پر دھرنا دیا۔ بی سی روڑ جموں میں چیف انجینئر کے دفتر سے یومیہ اُجرت پانے والوں نے ریلی نکالی جس دوران وہ بی جے پی اور ایل جی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے ۔یومیہ اُجرت پانے والوں نے سیول سیکریٹریٹ کی طرف پیش قدمی شروع کی تاہم پہلے سے تعینات سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اُنہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی ، جس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی کے منظربھی دیکھنے کو ملے۔احتجاجیوں نے بعد میں توے پل پر دھرنا دیا جسکی وجہ سے جموں شہر میں بدترین ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کوملے۔