جماعت اسلامی کے ارکان کا کل ہند اجتماع کا آئندہ ہفتہ انعقاد

   

حکومت کی جانب سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، سریدھر بابو اور محمد علی شبیر نے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا
حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر نے جاریہ ماہ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے جماعت اسلامی کے قومی کنونشن کے لئے حکومت کی جانب سے تمام تر سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ جماعت اسلامی کے تحت وادی ہدیٰ پہاڑی شریف روڈ میں 15 تا 17 نومبر جماعت اسلامی ارکان کا کل ہند اجتماع منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے 12 تا 15 ہزار مندوبین شرکت کریں گے۔ حکومت کی جانب سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر سکریٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے سرکاری محکمہ جات کو سیکوریٹی ، صحت و صفائی ، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولتوں کے لئے ہدایات جاری کیں۔ حکومت کی جانب سے بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ جماعت اسلامی کے ذمہ داروں نے انفراسٹرکچر سہولتوں کیلئے حکومت سے نمائندگی کی تھی۔ اجتماع کے قومی کنوینر عبدالجبار صدیقی نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قومی اجتماع کی تیاریوں سے واقف کرایا۔ اجلاس میں پولیس ، فائر سرویسز ، بلدی نظم و نسق، پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ صحت و صفائی کے علاوہ برقی کی بلا وقفہ سربراہی اور پانی کی اضافی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ آر ٹی سی کی جانب سے مندوبین کے لئے خصوصی بسوں کا انتظام رہے گا۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے عہد کی پابند ہے۔ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف مذہبی تہواروں اور اجتماعات کے سلسلہ میں بہتر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ 1