چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ستیہ ناڈیلا سے ملاقات

   

ٹکنالوجی کی ترقی میں مائیکرو سافٹ سے تعاون کی ا پیل، حیدرآباد کے امکانی پراجکٹس پر بات چیت
حیدرآباد ۔30۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج حیدرآباد میں مائیکرو سافٹ کارپوریشن کے چیرمین و چیف اگزیکیٹیو آفیسر ستیہ ناڈیلا سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ، وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی ، چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل چیف سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن اور چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی موجود تھے۔ مائیکرو سافٹ نے حیدرآباد میں حالیہ برسوں میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے اپنے ملازمین کی تعداد کو 10,000 سے تجاوز کردیا ہے۔ کمپنی نے 600 ملین یونٹ کے ڈیٹا سنٹر میں سرمایہ کاری کی ہے ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد اور تلنگانہ میں مائیکرو سافٹ کی سرمایہ کاری میں اضافہ پر ستیہ ناڈیلا سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے تلنگانہ میں عصری ٹکنالوجی کے فروغ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرایا ۔ آرٹیفشل انٹلیجنس ، جنرل آرٹیفیشل انٹلیجنس اور دیگر شعبہ جات کی ترقی کیلئے مائیکرو سافٹ سے تعاون کی خواہش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حیدرآباد کی شناخت ایک اہم ٹکنالوجی کے مرکز کے طور پر ہوتی ہے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے منصوبوں سے واقف کرایا ہے جن میں ریجنل رنگ روڈ ، ریڈیل روڈس ، فیوچر سٹی ، مینوفیکچرنگ کلسٹرس کا قیام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے ذریعہ صنعتوں کے لئے مختلف شعبوں کے ماہرین کو تیار کر رہی ہے ۔ ستیہ ناڈیلا نے حکومت کے تمام اقدامات میں مائیکرو سافٹ کی جانب سے شراکت داری کا اعادہ کیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے اسکل ڈیولپمنٹ اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے نظریہ کی ستائش کی ۔ ستیہ ناڈیلا نے کہا کہ مذکورہ دونوں شعبہ جات کی ترقی سے حیدرآباد دنیا کے 50 بڑے شہروں میں شامل ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اور ریاستی وزراء نے ستیہ ناڈیلا کو ٹکنالوجی کی ترقی میں حکومت سے تعاون کرنے کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے آرٹیفشل انٹلیجنس سٹی اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے شعبہ میں خصوصی مرکز کے قیام پر تبادلہ خیال کیا اور مائیکرو سافٹ سے کلیدی رول ادا کرنے کی خواہش کی۔ چیف منسٹر کو امید ہے کہ مائیکرو سافٹ کے صدر تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے حکومت کے منصوبوں میں مدد کریں گے۔1