جماعت کے 14 افراد جیل بھیج دیئے گئے

,

   

11 بنگلہ دیشوں کے پاسپورٹس ضبط
بھدوئی ۔17 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) تبلیغی جماعت اجتماع کے 14 شرکاء نے جن میں 11 بنگلہ دیشی بھی شامل ہیں قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد جمعہ کو گرفتار کرلئے گئے ۔ بھدوئی پولیس سپرنٹنڈنٹ رام بدن سنگھ نے کہاکہ جماعت کے افراد کو قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد گرفتار کرلیا ۔ ان میں چند کو عارضی طورپر علحدہ جیل میں رکھا گیا ہے ۔ بھدوئی کے چیف میڈیکل آفیسر لکشمی سنگھ نے کہاکہ ان تمام کو 31 مارچ کو قاضی پور کے ایک خانگی گیسٹ ہاؤز سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے لعاب کے نمونے بغرض معائنہ روانہ کئے گئے تھے ۔ ڈاکٹر لکشمی سنگھ نے مزید کہا کہ ان کی رپورٹس منفی ہیں جو موصول ہونے کے بعد 14 دن کے لئے قرنطینہ کیلئے بھیج دیا گیا تھااور 15اپریل کو قرنطینہ کی مدت مکمل ہوگئی ۔ ضلع مجسٹریٹ راجندر پرساد نے کہاکہ ان کے پاسپورٹس ضبط کرلئے گئے ہیں ۔ جماعت کے ان افراد میں بنگلہ دیش کے 11 ، آسام کا ایک اور مغربی بنگال کے دو افراد ہیں جو تمام 4 مارچ کو دہلی سے یہاں پہونچے تھے ۔ گیسٹ ہاؤز کے مالک کے بشمول دیگر افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔