تانڈور۔13 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیتہ العلماء ضلع وقارآباد کی اطلاع کے مطابق جمعیتہ العلماء ضلع وقارآباد کی جانب سے کل مؤرخہ 12 جولائی بروز ہفتہ تانڈور میں جاب اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا اس پروگرام میں حیدرآباد سے تشریف لائے ماہر ٹرینر محمد زبیر عثمانی نے ELV اور نیٹ ورکنگ،سی سی ٹی وی اور آئی پی ٹکنالوجی،ایکسس کنٹرول سسٹم،فائر الارم سسٹم جیسے کئی ایک شعبوں میں ملازمت کے مواقع اور اس کیلئے درکار لازمی قابلیت اور ٹریننگ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو تلقین کی کہ اے آئی(مصنوعی ذہانت)کے اس دور میں ٹیکنیکل دماغ کے حامل نوجوانوں کے لیے ہندوستان اور خلیجی ممالک یعنی گلف میں کافی مواقع موجود ہے اور مذکورہ بالا شعبہ جات میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ضروری ٹریننگ مفت فراہم کی جائے گی جس کی بدولت نوجوان بہت جلد قابل لحاظ آمدنی والی ملازمت بآسانی حاصل کرپائیں گے یا اپنا ذاتی کاروبار کھڑا کرپائیں گے۔اس پروگرام میں تقریبا 150 نوجوانوں نے شرکت کرتے ہوئے اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تربیتی سیشن جوائن کرنے کا تہیہ کیا اور اب جمعیتہ العلماء کی راست نگرانی میں ان نوجوانوں کو تربیتی سیشن سے جوڑا جائے گا اور تربیت مکمل ہونے بلکہ ملازمت کے حصول تک برابر نگرانی ورہنمائی جاری رہے گی۔