پاکستان سے مسلسل اشتعال انگیزی کی وجہ سے احتیاط برتی جا رہی ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کشن ریڈی کا بیان
حیدرآباد 17 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) جموںو کشمیر میں دفعہ 370 کو حذف کرنے کے بعد جو تحدیدات عائد کی گئی تھیں ان کو بتدریج ختم کیا جا رہا ہے اور صورتحال ایک ہفتے میں معمول پر آسکتی ہے ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی نے آج یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دئے جانے والے اشتعال انگیز بیانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی صورتحال معمول کے مطابق ہے ۔ دن بدن صورتحال بہتر ہوتی جا رہی ہے ۔ ہم ہر طرح کے احتیاطی اقدام کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ہر روز اشتعال انگیز بیان بازیاں کی جا رہی ہیں۔ جموں و کشمیر کی صورتحال کے تعلق سے سوال پر جی کشن ریڈی نے کہا کہ تعلیمی ادارے پیر سے دوبارہ کھل جائیں گے اور دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام کو بتدریج ختم کیا جا رہا ہے ۔ صرف کچھ اضلاع میں یہ احکام برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور وہ سمجتھے ہیں کہ اندرون ایک ہفتہ صورتحال معمول پر آجائے گی ۔ ریاست میں سیاسی قائدین کی حراست کے تعلق سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ماضی میں نیشنل کانفرنس اور جے کے ایل ایف قائدین کو کئی مہینوں تک حراست میں رکھا تھا ۔ ایسا پہلی بار نہیں ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کو خود ان کی سلامتی کیلئے حراست میں رکھا جا رہا ہے اور یہ سب کچھ احتیاطی اقدام کے طور پر ہو رہا ہے ۔ جموں و کشمیر میں مہینوں تک کانگریس حکومت نے نیشنل کانفرنس اور جے کے ایل ایف قائدین کو حراست میں رکھا تھا ۔ ایسا اب پہلی بار نہیں ہو رہا ہے ۔ یہ سب کچھ ان کی سلامتی اور حفاظت کیلئے ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کارگل کی ترقی کی ذمہ داری انہیں سونپی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموںعلاقہ کے پانچ اضلاع میں کم اسپیڈ کی 2G انٹرنیٹ خدمات کو بحال کیا جاچکا ہے جبکہ یہاں پندرہ دن سے یہ خدمات معطل تھیں۔ عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی ۔ موبائیل انٹرنیٹ خدمات 4 اگسٹ کو ہی معطل کردیا گیا تھا جبکہ 5 اگسٹ کو یہاں دفعہ 370 کو ختم کردیا گیا تھا ۔ جی کشن ریڈی نے 21 ویں سالانہ وائی ایم سی اے کارگل وکٹری اسپورٹس فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے پر وائی ایم سی اے گریٹر حیدرآباد کی ستائش بھی کی ۔ کشمیر میں دفعہ 370 کی برخواستگی کے بعد کرفیو جیسی صورتحال ہے ۔ ساری وادی میں کئی تحدیدات عائد کردی گئی تھیں جن میں اب بتدریج کمی کی جا رہی ہے ۔ مرکز کو امید ہے کہ آئندہ ہفتے تک سارے حالات معمول پر آ جائیں گے ۔
