جموں میں 12 مقامات پر این آئی اے کے چھاپے

   

جموں: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) نے ملی ٹنٹوں کی طرف سے سرحد پار سے در اندازی کرنے کے ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بدھ کے روز جموں بھر میں 12 مقامات پر چھاپے مارے ۔این آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جن احاطوں پر چھاپے مارے گئے ان میں ملی ٹنٹ معاونین (او جی ڈبلیوز) کے گھر شامل ہیں جو کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں جیسے لشکر طیبہ اور جیش محمد اور نئی تشکیل شدہ شاخوں سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ دراندازی کا یہ معاملہ کچھ ماہ قبل دہشت گردوں کے ذریعہ سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر کئے گئے حملوں کے سلسلے سے جڑا ہوا ہے جو دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کی ایک بڑی مجرمانہ سازش کے حصے کے طور پر انجام دئے گئے ۔ان کا کہنا تھاکہآپریشن کے ایک حصے کے طور پر جموں اور کشمیر کے جموں ضلع میں کل 12 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور دہشت گردوں کو او جی ڈبلیوز کے ساتھ جوڑنے والے مجرمانہ مواد کو ضبط کیا گیا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیمیں دہشت گردی کی سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے ان کی جانچ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایجنسی کی طرف سے کی گئی کارروائی کے ایک حصے کے طور پر ان تنظیموں کے ہمدردوں اور کیڈرز کے ٹھکانوں کی بھی تلاشی لی گئی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ یہ کارروائی بین الاقوامی سرحد (آئی بی) اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ذریعے ہندوستان میں لشکر طیبہ اور جیش محمد کے دہشت گردوں کی دراندازی کے بارے میں این آئی اے کو موصول ہونے والی معلومات کے بعد انجام دی گئی’۔
بیان میں کہا گیا: ‘رپورٹس میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کو سرحدی علاقوں میں رہنے والے او جی ڈبلیوز اور دہشت گرد ساتھیوں نے سہولت فراہم کی اور لاجسٹک سپورٹ، خوراک، پناہ اور رقم فراہم کرنے کے علاوہ مشتبہ افراد جموں صوبے کے دشوار گذار علاقوں سے دہشت گردوں کی رہنمائی کرنے میں ملوث تھے تاکہ ان کے محفوظ راستے کو یقینی بنایا جا سکے ‘۔
انہوں نے کہا: ‘ دہشت گردوں کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ کٹھوعہ، اودھم پور، ڈوڈہ، کشتواڑ، ریاسی، راجوری، پونچھ اضلاع اور وادی کشمیر کے پسماندہ اضلاع میں داخل ہوئے تھے ‘۔