جموں وکشمیر میں اگلی حکومت بی جے پی بنائے گی:صوفی یوسف

   

سری نگر: بی جے پی کے سینئر لیڈر صوفی یوسف کا کہنا ہے کہ بی جے پی چھوٹی پارٹیوں اور آزاد امید واروں کے ساتھ مل کر جموں وکشمیر میں اگلی حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سرکار بنانے کے لئے نیشنل کانفرنس کی ضرورت ہے نہ پی ڈی پی اور کانگریس کی ضرورت ہے ۔ موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے کشمیر وادی میں انیس امید وار کھڑا کئے ہیں، کچھ آزاد امید واروں کو ہم سپورٹ کرتے ہیں جن پر ہمیں ناز ہے کہ وہ جیتیں گے اس کے علاوہ دو تین چھوٹی چھوٹی پارٹیاں بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا ہم ان کے ساتھ مل کر سرکار بنائیں گے ۔ صوفی یوسف نے کہا کہ جموں خطے میں بی جے پی ہی سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر کو پانچ ممبران کو نامزد کرنے کے اختیار کے بارے میں انہوں نے کہا: ‘مجھے لگتا ہے جہاں یونین ٹریٹری ہے وہاں ایسا ہوتا ہے ، یہ ان کی مرضی ہے جس کو نامزد کرنا چاہیں کرسکتے ہیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر اسمبلی کی نوے سیٹوں کے لئے اٹھائیس کائونٹنگ مراکز پر سخت سکیورٹی بند وبست کے بیچ منگل کی صبح گنتی شروع ہوئی۔