سرینگر: ملک کے مختلف حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی جمعہ کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منائے جانے والی میلادالنبی (ص) کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں یونین ٹریٹری کے درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں میلاد النبی (ص)کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں سردی کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول (ص) وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے جبکہ دن کے دوران وادی کے اطراف و اکناف میں جشن میلاد کے عظیم الشان جلوس برآمد ہوئے جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔جلوسوں کے دوران فضا’سرکار کی آمد مرحبا‘کے نعروں سے گونجتی رہی۔جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ پانی، چائے ، گرم دودھ اور روٹی کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص)نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول (ص) موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے ۔ درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا۔ شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ اور دوسری عبادت گاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد (ص)کی ولادت کے ضمن میں منائی جانے والی عید میلادالنبی کے سلسلے میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا اور جلوس برآمد ہوئے ۔وادی کشمیر جہاں جشن میلاد النبی (ص) کی تقریبات کئی روز تک جاری رہیں گی، تقریباً تمام تجارتی مراکز، مساجد، زیارت گاہوں اور اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔ بعض مقامات پر لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی برقی قمقموں اور بتیوں سے سجایا ہے ۔