جموں وکشمیر میں ہڑتالی کیلنڈروں کی جگہ اب یونیورسٹی اور اسکولی کیلنڈرس : منوج سنہا

   

جموں: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کہا کہ یونین ٹریٹری میں ہڑتالی کیلنڈروں کی جگہ یونیورسٹی اور اسکولی کیلنڈروں نے لی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے ۔ ان کے مطابق وہ دن گئے جب پڑوسی ملک احتجاج اور ہڑتالی کلینڈر جاری کیا کرتا تھا۔ ان باتوں کا اظہار منوج سنہا نے جموں میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں نہ صرف تعمیر وترقی کاخواب شرمندہ تعبیر ہوا بلکہ ہر سو امن و امان کی فضابھی قائم ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہڑتال اور بند اب قصہ پارینہ بن گئے اور لوگ آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ ایل جی نے کہا کہ آج، نوجوان اور بچے یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے کیلنڈروں کی پیروی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پانچ اگست 2019کے بعد دہشت گردی ، علیحدگی پسندی اور نا انصافی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم ہو گئی ہے ۔ منوج سنہا نے کہاکہ پہلی بار مغربی پاکستانی پناہ گزینوں اور پسماندہ لوگوں کو حقوق فراہم کئے گئے ۔