حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر میں منعقدہ کل ہند 64 ویں نیشنل اسکولس گیمزآف انڈیا کے انڈر 19کرکٹ ٹورنمنٹ میں جہاں ہندوستان بھرکی ریاستوں سے 35 ٹیموں نے شرکت کی وہیں اس ٹورنمنٹ میں ریاست تلنگانہ کی انڈر 19 ٹیم نے اطمینان بخش مظاہرے کئے ہیں جبکہ حیدرآباد کے آل راونڈر محمد خواجہ مدثر احمد نے شاندار کارکردگی کے سلسلہ کو سرد موسم میں بھی برقرار رکھا۔ جونیر کالجوں کیلئے منعقدہ اس ٹورنمنٹ میں خطابی مقابلے میں چندی گڑھ نے ہریانہ کو شکست دیکر ٹرافی حاصل کی جبکہ جموں وکشمیر کی ٹیم نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ جموں وکشمیر کے سرد موسم میں مختلف میدانوںمیں ناک آؤٹ طرز پر کھیلے گئے اس ٹورنمنٹ میں تلنگانہ کی ٹیم نے ٹاملناڈو، بہار اور دھمن اینڈ ڈیوکو کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ تاہم اسے کوارٹر فائنل میں دہلی کے خلاف شکست ہوئی۔ تلنگانہ ٹیم میں شامل حیدرآباد ویسلی کالج کے طالب علم مدثر نے جموں و کشمیر کے کرکٹ انتظامیہ کو آل راونڈر صلاحیتوں سے متاثر کیا جس پر انہوں نے سابق کپتان اظہرالدین کے مظاہروں کو یاد کیا۔ واضح رہیکہ اس ٹورنمنٹ کو حکومت ہند کے وزرات یوتھ سرویس اینڈ اسپورٹس اور جموں و کشمیر کے محکمہ ایس جی ایف جموں، یوتھ سرویس و اسپورٹس کی سرکاری سرپرستی حاصل تھی جہاں ہندوستان بھر کے ابھرتے نوجوان اورجونیر کالجز کی ٹیموں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔