جموں و کشمیر :صدر راج میں 6 ماہ کی توسیع

   

نئی دہلی۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر پر صدر راج میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی گئی ہے، جس کا نفاذ 20 جون سے ہوگا۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر اس توسیع کو منظوری دے دی گئی۔ صدر راج میں توسیع کی توثیق مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے پیش کی تھی اور اجلاس کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی نے کی تھی۔ جاؤڈیکر نے اس بات کی اطلاع دی۔ ریاست جموں و کشمیر میں پی ڈی پی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت قائم تھی جس سے بی جے پی کے دستبردار ہونے پر یہ مخلوط حکومت اقتدار سے بے دخل ہوگئی تھی اور یہاں پر صدر راج نافذ کردیا گیا تھا، کیونکہ صدر راج کا اختتام 19 جون کو ہوگا اور اس کو توسیع دیئے بغیر ریاست میں مزید صدر راج نافذ نہیں ہوسکتا۔ جبکہ توسیع کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے منظوری لازمی ہے چنانچہ مرکزی کابینہ نے مرکزی وزیر جاؤڈیکر کی تجویز پر صدر راج کی مدت میں 20 جون سے مزید 6 ماہ کی توسیع کردی۔