سری نگر، 5 نومبر (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کا موجودہ ماحول برسوں کی قربانیوں اور ہندوستان کے روحانی رہنماؤں کی سکھائی گئی ہمدردی اور بات چیت کی اقدار پر عمل کرنے سے ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن، باہمی احترام اور وقار کے ساتھ جینے کی صلاحیت سے پروان چڑھتا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار چہارشنبہ کو یہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں ‘جموں و کشمیر میں امن، عوام اور امکانات’ پر منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کا موجودہ ماحول برسوں کی قربانیوں اور ہندوستان کے روحانی رہنماؤں کی سکھائی گئی ہمدردی اور بات چیت کی اقدار پر عمل کرنے سے ممکن ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن، باہمی احترام اور وقار کے ساتھ جینے کی صلاحیت سے پروان چڑھتا ہے۔
منوج سنہا نے کہا: ‘اس تقریب کا تھیم ایک خوشحال اور جامع جموں و کشمیر کی اجتماعی خواہش کا آئینہ دار ہے ، جہاں ہر آواز ہم آہنگی میں حصہ ڈالتی ہے ‘۔
انہوں نے کہا: ‘امن کا تصور لفظوں میں نہیں بلکہ روزمرہ کی زندگی میں ظاہر ہوتا ہے جب شہری آزادی سے کام کر سکتے ہیں، مواقع حاصل کر سکتے ہیں اور بغیر کسی خوف کے زندگی گزار سکتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کے عام لوگ اپنے عزم اور مشترکہ پیش رفت کے ذریعے اس استحکام کے حقیقی معمار ہیں’۔
جموں و کشمیر کو تبدیلی کی طرف لے جانے کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو دیتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ خطہ بدامنی سے تعمیر نو کی طرف بڑھ گیا ہے ۔
انہوں نے کہا: ‘گزشتہ چند سالوں میں، ناممکن کو ممکن میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ وہ جگہیں جہاں کبھی ہنگامہ آرائی ہوتی تھی اب ترقی، تعلیم اور نئی امید کے آثار نظر آتے ہیں’۔
