سری نگر: سینئر کانگریس لیڈر غلام احمد میر کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھی ایک مضبوط اپوزیشن الائنس کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 فی الوقت عدالت عظمیٰ میں زیر بحث ہے اور ہمیں امید ہے کہ صحیح فیصلہ آئے گا۔ موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بات صرف بی جے پی کو ہرانے کی نہیں ہے پچھلے نو برسوں سے ملک میں بھائی چارے کو ختم کیا جا رہا ہے ، مہنگائی اور بے روز گاری عروج پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ساری چیزوں کو دیکھ کر ملک کی بڑی پارٹیوں نے اتحاد کیا ہے جس کا مقصد آئین کو بچانا، جمہوریت کی بحالی، بے روزگاری، مہنگائی کو ختم کرنا ہے ۔ میر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بھی ایک مضبوط الائنس کی ضرورت ہے تاکہ خطرات کو دور کیا جاسکے ۔ دفعہ 370 کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ6 اگست 2019 کی قرار داد سے واضع ہوتا ہے کہ کانگریس اس لڑائی میں جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عدالت عظمیٰ میں زیر بحث ہے اور عدالت عظمیٰ سے صحیح فیصلہ آنے کی امید ہے ۔