جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ، نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی تین نسلوں کی تباہی کے ذمہ دار

,

   

کشمیری پنڈتوں کی باعزت واپسی ، پناہ گزینوں کو شہریت کا تیقن ، مودی کا انتخابی ریلی سے خطاب

کٹھوعہ، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جموں وکشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے اور اس ریاست کا بچہ بچہ ہندوستانی شہری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں علیحدہ وزیر اعظم، فوج میں تخفیف، انہیں حاصل خصوصی اختیارات کی واپسی اور پاکستان سے فنڈ لینے والوں کے ساتھ مذاکرات کی اجازت نہیں دے گی۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دوبارہ اقتدار میں آنے پر ان کی حکومت جموں میں مقیم مغربی پاکستان اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے پناہ گزینوں کو ریاست کی مستقل شہریت دلانے والا قانون لائے گی۔ اس کے علاوہ مہاجر کشمیری پنڈتوں کی باعزت کشمیر واپسی یقینی بنائے گی۔وزیر اعظم مودی اتوار کے روز یہاں ادھم پور پارلیمانی حلقہ انتخاب کے بھاجپا امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے حق میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ ادھم پورپارلیمانی حلقے میں 18 اپریل کو عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ جو کہ وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت بھی ہیں، کے مدمقابل کانگریس کے وکرم ادتیہ سنگھ اور سابق بی جے پی لیڈر چوہدی لال سنگھ ہیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا ‘گذشتہ کچھ دنوں کے دوران آپ نے بھی دیکھا کہ کس طرح کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی مہا ملاوٹ پوری طرح سے ظاہر ہوگئی اور کھل کر سامنے آگئی ہیں۔ برسوں سے جو ان کے دل میں تھا، جو وہ چاہتے تھے ، چوری چھپے جس کے لئے کام کررہے تھے

، وہ اب کھلے عام سامنے آگیا ‘۔انہوں نے کہا ‘آئے دن یہ جموں وکشمیر کو ہندوستان سے الگ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ خون خرابے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ کشمیر کے لئے الگ وزیر اعظم کی دھمکی دے رہے ہیں۔ پہلے پاکستان بھی نیوکلیئر نیوکلیئر کہہ کر دھمکا تا تھا۔ یہ بھی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ مسٹر مودی نے جموں وکشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیتے ہوئے کہا جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے ۔ جموں ہو، کشمیر ہو ، لیہہ لداخ ہو یہاں کا بچہ بچہ ہندوستانی ہے ۔ کچھ مٹھی بھر لوگوں کی خواہشات کا یہاں کے لوگ غلام نہیں۔ یہی وہ جگہ اور یہی وہ کٹھوعہ ہے جہاں پر شاما پرساد مکھرجی نے ترنگا لہرایا تھا۔ پریم ناتھ ڈوگرہ نے ان کا ساتھ دیا تھا’۔انہوں نے کہا ‘ملک مخالف ہر طاقت کو انہوں نے للکارا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایک دیس میں دو ودھان، دو پردھان اور دو نشان نہیں چلیں گے ۔بی جے پی کا ہمیشہ سے عزم رہا ہے اور دیس کا یہ چوکیدار اس نعرے پر اٹل ہے اور اٹل رہے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے جموں وکشمیر کی تین نسلیں تباہ کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا ‘میں تین نسلوں سے یہاں پر قبضہ جماکر بیٹھے عبداللہ اور مفتی خاندان کو کہنا چاہتا ہوں کہ یہ مودی ہے نہ بکتا ہے نہ ڈرتا ہے نہ جھکتا ہے ‘۔انہوں نے کہا ‘جموں وکشمیر کی تین نسلوں کو ان دو کنبوں نے تباہ کیا ہے ، انہوں نے یہاں کی تین نسلوں کو نوچ لیا ہے اور نچوڑ لیا ہے ۔ جموں وکشمیر کے بہتر مستقبل کے لئے ان دونوں کنبوں کی رخصتی ہونی چاہیے ۔ وزیر اعظم مودی نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا ‘کانگریس نے آزادی کے وقت جو غلطیاں کی ہیں، وہ ہندوستان آج بھگت رہا ہے ۔ اب وہ اقتدار سے باہر ہے ۔ واپسی کے لئے ساری حدیں توڑتی جارہی ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ کانگریس دیس بھر میں کن ایشوز پر ووٹ مانگتی ہے ۔ آزادی سے پہلے کی کانگریس الگ تھی اور آزادی کے بعد گاندھی جی کی رخصتی کے بعد والی کانگریس الگ ہے ۔ کانگریس بول رہی ہے کہ وہ جموں وکشمیر سے فوج کو ہٹا دے گی۔ کیا آپ اس کے لئے تیار ہیں؟ کیا یہ آپ کے ساتھ دھوکہ ہے یا نہیں ہے ؟ یہ آپ کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا گناہ ہے یا نہیں ہے ؟’۔انہوں نے کہا ‘کانگریس کہہ رہی ہے کہ پاکستان سے پیسے لیکر نوجوانوں کو بھڑکانے والوں کے ساتھ غیر مشروط بات کرے گی۔ ان انتخابات میں کس نے آپ کو مدد کا وعدہ کیا ہے ۔ دیس جاننا چاہتا ہے ‘۔